ٹرمپ کی تجارتی جنگ ”بیوقوفانہ“،کینیڈا،جنگ جو بھی ہوآخرتک لڑیں گے،چین

ٹرمپ کی تجارتی جنگ ”بیوقوفانہ“،کینیڈا،جنگ جو بھی ہوآخرتک لڑیں گے،چین
کیپشن: ٹرمپ کی تجارتی جنگ ”بیوقوفانہ“،کینیڈا،جنگ جو بھی ہوآخرتک لڑیں گے،چین

ویب ڈیسک: امریکا کی جانب سے کینیڈا اور میکسیکو پر 25 فیصد اضافی ٹیکس کا نفاذ ہو گیا ہے، جس کے ساتھ ہی چین سے درآمد کی جانے والی اشیا پر بھی اضافی رقوم کا اطلاق شروع ہو گیا ہے جبکہ چین نے بھی آخری دم تک تجارتی جنگ لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈین مصنوعات کی امریکا درآمد پر 25 فیصد ٹیرف کے نفاذ کو ’ بیوقوفانہ اقدام ‘ قرار دیتے ہوئے اپنے ملک کی معیشت کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے کا اعادہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ ٹرمپ نے کینیڈا اور میکسیکو سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر 25 فیصد محصولات نافذ کر دیے ہیں جبکہ چین سے آنے والی اشیا پر بھی محصولات بڑھا دیے ہیں۔

کینیڈین وزیر اعظم نے جوابی ٹیرف کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تجارتی جنگ سے دونوں ممالک کو نقصان پہنچے گا۔

ٹروڈو نے امریکی صدر پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ’ کینیڈا کی معیشت کو مکمل طور پر تباہ‘ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں کیونکہ اس سے امریکا کے لیے کینیڈا کا الحاق کرنا آسان ہو جائے گا۔

’ایسا کبھی نہیں ہوگا۔ ہم کبھی بھی 51ویں ریاست نہیں بنیں گے۔‘

دوسری طرف چین نے بھی آخری دم تک تجارتی جنگ لڑنے کا اعلان کیا ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کے ختم ہوتے ہی امریکا میں  چینی سفارتخانے کی جانب سے  سماجی رابطے کی سائٹ پرپیغام پوسٹ کیا گیا ہے کہ: 'ہم آخر تک لڑنے کے لیے تیار ہیں'

سوشل میڈیا پر پوسٹ  میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن کے محصولات کے جواب میں - درآمدات پر 10٪ سے 20٪ تک دوگنا  ٹیکس- "اگر جنگ وہی ہے جو امریکا چاہتا ہے، چاہے وہ ٹیرف کی جنگ ہو، تجارتی جنگ یا کسی دوسری قسم کی جنگ، ہم آخر تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔"