ویب ڈیسک: عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکارہ لیڈی گاگا نے برازیل کے ساحلی شہر ریو ڈی جنیرو میں ایک مفت اور تاریخی کنسرٹ کے ذریعے مداحوں کے دل جیت لیے، جس میں دو ملین سے زائد افراد شریک ہوئے۔ کوپاکبانا بیچ پر ہونے والا یہ کنسرٹ لیڈی گاگا کے کیریئر کا سب سے بڑا شو قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ شاندار تقریب ان کے آٹھویں البم "Mayhem" کی تشہیر کے سلسلے کا حصہ تھی، جس میں "Abracadabra" اور "Die With a Smile" جیسے نئے گانے شامل ہیں۔ گاگا نے 2012 کے بعد پہلی بار برازیل میں اسٹیج پر پرفارم کیا۔
بی بی سی کے مطابق ہزاروں مداح صبح سویرے سے کنسرٹ کے مقام پر جمع ہونا شروع ہو گئے تھے تاکہ کنسرٹ میں آگے جگہ حاصل کر سکیں۔ انتظامیہ نے سیکیورٹی کے لیے پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکار، میٹل ڈیٹیکٹرز، ڈرونز، اور چہرہ شناخت کرنے والے کیمرے تعینات کیے تھے۔
لیڈی گاگا نے برازیل کی قومی فٹبال ٹیم سے متاثر ملبوسات زیب تن کیے اور "Poker Face"، "Alejandro" اور نئے گانے "Abracadabra" سمیت کئی مقبول گانوں پر پرفارم کیا۔ حاضرین نے بڑی اسکرینز پر ان کی پرفارمنس دیکھی، قوس قزاح کے رنگوں والے پرچم لہرائے اور جوش و خروش سے گانوں میں ساتھ دیا۔
کنسرٹ کے اختتام پر لیڈی گاگا نے جذباتی انداز میں کہا: "ہم مونسٹرز ہیں، اور مونسٹرز کبھی نہیں مرتے۔" اس کے بعد انہوں نے اپنا مشہور گانا "Bad Romance" پیش کر کے ایونٹ کا اختتام کیا۔
ریو ڈی جنیرو میں اس سے قبل بھی بین الاقوامی سطح کے بڑے مفت کنسرٹس کا انعقاد ہو چکا ہے، جن میں مئی 2024 میں ہونے والا مڈونا کا کنسرٹ نمایاں ہے، جس کی سرپرستی بھی شہر کی حکومت نے کی تھی۔
لیڈی گاگا کے کنسرٹ میں بم دھماکے کی منصوبہ بندی،2افراد گرفتار
برازیل کی پولیس نے عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا کے تاریخی کنسرٹ میں بم دھماکے کی منصوبہ بندی کو ناکام بناتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی ایک ایسے شدت پسند گروہ نے کی تھی جو سوشل میڈیا پر نفرت انگیز تقاریر، انتہا پسندی اور نوجوانوں کو بنیاد پرستی کی طرف راغب کرنے میں سرگرم تھا۔ گروپ کے ارکان نے خود کو لیڈی گاگا کے عالمی فین گروپ "لٹل مونسٹرز" کا حصہ ظاہر کر رکھا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد کنسرٹ میں شریک افراد کو دھماکا خیز مواد اور کاک ٹیل بموں کے ذریعے استعمال کرنا چاہتے تھے۔ کارروائی وزارت سائبر آپریشنز کی ایک تفصیلی رپورٹ اور ریاستی انٹیلیجنس کی معلومات پر مبنی تھی، جس میں نوجوانوں میں پرتشدد رویے کو فروغ دینے والی خفیہ ڈیجیٹل سرگرمیوں کو بے نقاب کیا گیا تھا۔
پولیس نے ایک اہم مشتبہ شخص کو ریو گرانڈے ڈو سل میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ریو ڈی جنیرو، ماتو گروسو، ساؤ پاؤلو سمیت مختلف ریاستوں میں متعدد مقامات پر تلاشی و ضبطی کی کارروائیاں جاری ہیں۔