ویب ڈیسک: گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا یہ منصوبہ پورے شہر کی تقدیر بدل دے گا اور عام شہریوں کی زندگی میں واضح سہولتیں لائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماس ٹرانزٹ نظام سے طلبہ، ملازمین، کاروباری افراد اور شہریوں کو جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ وزیراعظم نے مریم نواز کو اس منصوبے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے 1985 میں تعمیر و ترقی کی سیاست کی بنیاد رکھی، پنجاب میں اسپتال، اسکول، کالجز اور سڑکوں کا جال بچھایا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانا نواز شریف کا تاریخی کارنامہ ہے۔ “اگر ہم ایٹمی قوت نہ بنتے تو رواں سال مئی کی جنگ کے دوران حالات مختلف ہوتے”۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز اپنے والد کی ترقیاتی روایت کو آگے بڑھا رہی ہیں اور مکمل دیانت داری سے عوامی خدمت میں مصروف ہیں۔ سیف سٹی منصوبہ، بےگھروں کیلئے گھروں کی فراہمی اور دیگر ترقیاتی اقدامات پر قوم ان کیلئے دعاگو ہے۔
شہباز شریف نے ضمنی انتخابات میں کامیابی کو مریم نواز کی محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ “اگر ہم مل کر کام کرتے رہے تو آئندہ تین سال بعد بھی نتائج ہمارے حق میں ہوں گے اور پورے ملک میں ن لیگ کا نعرہ گونجے گا۔”
مریم نواز کا خطاب
تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی سرگرمیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ گجرات میں 30 ارب روپے کا بڑا منصوبہ جاری ہے جس میں نئی سیوریج لائنیں بچھائی جا رہی ہیں، جبکہ ایک لاکھ 20 ہزار گھروں کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں میٹرو بس کے آغاز کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو آرام دہ اور سستی ٹرانسپورٹ ملے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے بڑے ترقیاتی سنگ میل — ایٹمی پروگرام سے لے کر موٹر ویز تک — نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں مکمل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں کچھ لوگ ملکی ڈیفالٹ کی پیشگوئیاں کرتے رہے، مگر آج زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔
خیبر پختونخوا کی سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ KP میں 12 سال کی مسلسل حکمرانی کے باوجود کوئی نمایاں ترقی دکھائی نہیں دیتی۔ “پچھلا وزیراعلیٰ سیاسی لڑائیوں میں مصروف رہا، اور موجودہ اکثر اڈیالہ جیل کے باہر نظر آتا ہے۔”