پاکستان کی معیشت ایسی نہیں کہ ایک رات میں تبدیل کردیں،مریم نواز

پاکستان کی معیشت ایسی نہیں کہ ایک رات میں تبدیل کردیں،مریم نواز
ملتان : مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے معاہدے کی شرائط بہت سخت ہیں، قیمتیں کم کرنے کےلیے ہم پر بہت بوجھ اوردباؤ ہے، پاکستان کی معشیت ایسی نہیں کہ ایک رات میں تبدیل کردیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں منتخب وزیراعظم کے ساتھ جو ہوا اس سے قوم نےکیا سیکھا سب کو پتہ ہے، عوام کو پتہ چل گیا کہ ڈکٹیٹر شپ سے کیا نقصان ہوا۔ مریم نواز نے کہا کہ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ یہ جیل بھریں اور شروعات زمان پارک سے کریں،ہم نظریں بچھائے بیٹھے ہیں ، آئیں جیل بھریں، فرنٹ لائن پر انہوں نے خواتین کو رکھا ہوا ہے، خود سامنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون اپنا راستہ لےگا، جو جرائم کیے ان کی سزا بھگتنا پڑے گی، رانا ثنااللہ نے جعلی مقدمے میں 6 ماہ قیدکاٹی، انہیں ابھی کسی نے انگلی نہیں لگائی، یہ دو دن کی قید میں گلے لگ کر رونے لگ گئے ہیں۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ نواز شریف کو 2017 میں ایک اقامہ پر نکالا گیا، پانامہ کیس میں ہفتہ میں پانچ دن پیشی پر ہوتے تھے، ایک دن میں دو دو بار عدالت جاتے، دوسری طرف اقامہ نہیں ہیرے اور فارن فنڈنگ ہے، ناجائز پیسے کے ثبوت بھرے پڑے ہیں، آج بدنام زمانہ کیس میں بھی وہ عدالت نہیں آتے، ایسی سہولت کیا نواز شریف کو تھی، کیا یہ سہولت مریم کو تھی، سب جانتے ہیں کیسز جھوٹے تھے ہمارے ساتھ انتقام لیا گیا۔ لیگی رہنما نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ ملک میں مشکل حالات ہیں، سب جانتے ہیں مشکلات کس کی وجہ سے ہیں، مہنگائی کم کرنا، قیمتیں کنٹرول کرنا صوبےکا کام ہے، پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزادکشمیر بھی تحریک انصاف کے پاس رہے، یہ تمام ملبہ شہباز شریف پر ڈال کر چلے جاتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو بیرونی کوئی خطرہ نہیں، ملک میں جب تک استحکام نہیں آئےگا، ترقی نہیں آئےگی، ساری جماعتیں ایک صفحہ پر ہیں، ہم جھوٹے وعدے نہیں کریں گے اور جھوٹی تسلیاں نہیں دیں گے، جو وعدے کریں گے وفا کریں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔