ویب ڈیسک: ملک میں مون سون بارشوں کا سپیل جاری ہے، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیرآب جبکہ متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔
جڑواں شہروں میں بھی 130 ملی میٹر بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی۔
موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 15 فٹ تک بلند ہوگئی، جبکہ نالہ لئی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں الرٹ جاری ہے، نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری اور عملہ تعینات ہے، اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے۔
ادھر کہوٹہ میں گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر بچہ جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔
بلوچستان میں قلعہ سیف اللّٰہ کی تحصیل مسلم باغ میں طوفانی بارش کے باعث درجنوں مکانات منہدم جبکہ بجلی کے 100 سے زائد ٹاور گر گئے۔
محکمہ موسمیات نے آج اور کل اسلام آباد، مری، گلیات، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔