نجف(ویب ڈیسک) پوپ فرانسس نے عراق کے آیت اللہ سیستانی سے مقدس شہر نجف میں اہم ملاقات میں دنیا بھر کو امن کا پیغام دیا ہے اور یہ کہا ہے کہ عراق میں موجود عیسائی اقلیت کو تحفظ فراہم کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق پوپ فرانسس ایک چار روزہ دورے پر گزشتہ روز عراق پہنچے ہیں جہاں آج وہ عراق کے سرکردہ شیعہ رہنما آیت اللہ سیستانی کی رہائش گاہ پر ملاقات کیلئے پہنچے۔ اس موقع پر آیت اللہ سیستانی نے کہا کہ مذہبی طبقے کو عراق میں عیسائی اقلیت کی حفاظت کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ عراق میں عیسائی اقلیت پرامن طور پر زندگی گزار سکیں اور وہ تمام حقوق انہیں میسر ہونے چاہئیں جو دوسرے عراقی شہریوں کو میسر ہیں۔ پوپ فرانسس نے عراق میں عیسائی اقلیت کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنے پر آیت اللہ سیستانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ سیستانی نے اس عیسائی اقلیت کیلئے آواز بلند کی ہے جسے گزشتہ سالوں میں عراق کے پرتشدد ماحول میں کمزور سمجھ کر بہت ستایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پوپ فرانسس چار روزہ دورے پر گزشتہ روز عراق پہنچے تھے۔جہاں وہ مقدس شہر نجف میں آیت اللہ سیستانی سے ملاقات کرنے کے بعد تاریخی شہر ”اُر“ میں ایک بین المذاہب کانفرنس کی میزبانی اور عراق میں دیگر اقلیتی برادریوں کے رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے۔