ویب ڈیسک: ملک کے مختلف حصوں میں ایک اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے جس کے باعث شہریوں کو خبردار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بلوچستان میں بھی بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مظفرآباد اور اس کے گرد و نواح میں بارش ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ بارشوں کے تسلسل کے باعث دریائے چناب اور جہلم میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ سوات اور پنجگوڑہ کے ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے جس پر مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید برآں، تربیلا، کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج پر درمیانے درجے کے سیلاب کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں جبکہ خانپور ڈیم میں بھی پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور وہ ہائی لیول سے صرف 11 فٹ کم رہ گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پیدا ہونے والی ممکنہ سیلابی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے عوام کے تحفظ اور بروقت امدادی کارروائیوں کو یقینی بنانے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جو صورتحال کی نگرانی کرے گی اور متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرے گی۔