لاہور: (ویب ڈیسک) جہانگیر ترین نے خواجہ سعد رفیق کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں شرکت کی، اس دوران صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا آپ کا جہاز کبھی مسلم لیگ ن کی طرف جا سکتا ہے؟ اس کے جواب میں جہانگیر ترین نے کہا کہ جہاز تو کسی بھی طرف جا سکتا ہے۔ تفصیل کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے شرکت کی لیکن شادی کی اس تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما اور شوگر ملز کیس کے نامزد ملزم جہانگیر ترین صحافیوں کی خاص توجہ کا مرکز بنے ہوئے تھے جہاں ان سے کئی سیاسی سوالات کئے گئے۔ اس دوران ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا جہانگیر ترین کا جہاز کبھی مسلم لیگ ن کی طرف جا سکتا ہے؟ اس کے جواب میں جہانگیر ترین نے کہا کہ جہاز تو کسی بھی طرف جا سکتا ہے۔ خواجہ سعد رفیق میرے بھائی ہیں اور اکٹھے فیملی میں رہ چکے ہیں۔ ن لیگ سے دوستیاں پرانی ہیں اور ایسے ہی چلیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ تقریب میں شریک ن لیگی رہنماء سردار ایاز صادق نے صحافی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین مسلم لیگ ن میں شمولیت کے سوال پر مسکراتے رہے، ان سے وجہ پوچھیں، جہانگیر ترین ہوں یا کوئی اور پی ٹی آئی رہنما عمران خان کے علاوہ سب ہی مسکرا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن ) مریم نواز شریف بھی سینئر پارٹی رہنما خواجہ سعد رفیق کی رہائش گاہ پہنچیں اور اہلخانہ کو صاحبزادی کی شادی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر سعد رفیق کے بھائی سلمان رفیق بھی موجود تھے۔ مریم نواز شریف نے نئے جوڑے کے لئے دعائوں اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا جبکہ میاں نواز شریف کی طرف سے بھی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔