کراچی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر محمد رضوان نے اپنا 50 ہزار مالیت کا جوتاپریکٹس کرانے کیلئے آئے آف سپنر عبدالہادی کو تحفے میں دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری پاکستان کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں محمد رضوان نے پریکٹس کرانے کے لیے آئے 16 سالہ آف اسپنر عبد الہادی کو چیلنج کیا تھا کہ اگر وہ انہیں آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے تو بیٹ کے سوا جو مانگو گے دوں گا۔ تاہم عبدالہادی محمد رضوان کو آؤٹ نہ کر سکے لیکن انہیں مسلسل پریکٹس کراتے رہے ، تربیتی کیمپ ختم ہونے کے بعد وکٹ کیپر اور بیٹر محمد رضوان نے عبدالہادی کو اپنے جوتے تحفے میں دے دیے۔ عبد الہادی کا خود کا جوتا پھٹا ہوا تھا، محمد رضوان کا جوتا لے کر وہ بہت خوش دکھائی دے رہا تھا۔