امریکا: معروف ٹک ٹاکر بریانا جانسن فائرنگ میں ہلاک

امریکا: معروف ٹک ٹاکر بریانا جانسن فائرنگ میں ہلاک
کیپشن: امریکا: معروف ٹک ٹاکر بریانا جانسن فائرنگ میں ہلاک

ویب ڈیسک: امریکا کی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر بریانا جانسن، جو Dreamdoll_Brii کے نام سے معروف تھیں، فائرنگ کے ایک واقعے میں ہلاک ہو گئیں۔

پولیس کے مطابق 21 سالہ بریانا جانسن اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے سن شائن بلیوارڈ پر اپنی لائم گرین رنگ کی لگژری لیمبرگینی یورس چلا رہی تھیں۔ گاڑی میں ان کے ساتھ دو دیگر افراد بھی سوار تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد گاڑی بے قابو ہو کر ایک رہائشی مکان سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں بریانا جانسن موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں، جبکہ گاڑی میں موجود دونوں دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تحقیقاتی حکام نے ابتدائی شواہد کی بنیاد پر واقعے کو بظاہر ٹارگٹڈ حملہ قرار دیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔

بریانا جانسن سوشل میڈیا پر لائف اسٹائل، فیشن اور روزمرہ زندگی سے متعلق مواد شیئر کرتی تھیں۔ ان کے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر مجموعی طور پر تقریباً پانچ لاکھ فالوورز تھے، جن میں ٹک ٹاک پر تقریباً 3 لاکھ 88 ہزار اور انسٹاگرام پر 88 ہزار 800 سے زائد فالوورز شامل تھے۔

پولیس نے واقعے سے متعلق معلومات رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ تحقیقات میں تعاون کریں تاکہ حملہ آوروں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

Watch Live Public News