(ویب ڈیسک ) عازمین حج کی رجسٹریشن کا کل بدھ 9 جولائی کو آخری روز ہے۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہناہے کہ 2 لاکھ پاکستانیوں نے آئندہ حج کے لیے رجسٹریشن کرالی ہے۔ حج 2026 کے رجسٹریشن 15 نامزد بینکوں سے کروائی جا سکتی ہے۔ عازمین، حج رجسٹریشن گھر بیٹھے ان لائن بھی کرا سکتے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج رجسٹریشن کے لیے کوئی فیس ادا نہیں کرنی ہوگی، حج 2026 کے لیے قبل از وقت رجسٹریشن کرانا لازمی ہے۔ رجسٹریشن کروانے والے درخواست گذار ہی حج 2026 کے اہل تصور ہوں گے۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج رجسٹریشن کے بعد عازمین سرکاری یا نجی حج سکیم منتخب کر سکیں گے۔ حج 2026 کے اخراجات اور دیگر شرائط و ضوابط حج پالیسی کے مطابق الگ سے جاری کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ حج رجسٹریشن حکومت سعودی عرب کی ہدایت پر کی جا رہی ہے۔ حج رجسٹریشن مکمل ہونے پر اعداد و شمار سے سعودی حکومت کو آگاہ کیا جائے گا۔ رجسٹریشن کی بنیاد پر حکومت سعودی عرب حج کوٹہ مقرر کرے گی۔