کراچی: گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے صوبے میں گورنر راج لگانے کا عندیہ دے دیا ہے۔ میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نےکہا کہ گر انتشار بڑھتا ہے تو پنجاب میں گورنر راج لگانے کا آئینی آپشن بھی موجود ہے۔ حکومت سے گورنر ہاؤس پر حملے کی تحریری شکایت بھی کردی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی آئینی مدت 18اگست 2023 کو پوری ہوگی جس کے بعد 2سے 3ماہ میں انتخابات کروانے ہیں، جس کی مدت 18 اکتوبر سے 18نومبر 2023 بنتی ہے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ تاخیر سے الیکشن کرانے میں کوئی ضد نہیں ہے الیکشن کا جو وقت مقررہ ہے اسی وقت پر الیکشن ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ اس وقت ہر ایک کا کردار سب کے سامنے ہے۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ دنیا بھر کی جمہوریتی حکومتیں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلتی ہیں لیکن پاکستان میں اس کے برعکس ہے گذشتہ ساڑھے 3 سال سے اپوزیشن کی تذلیل کی گئی ہے۔ انتشار کی سیاست سے بالا ہوکر حکومت کی توجہ معیشت اور سیلاب متاثرین کے لیے اقدامات کرنا ہے۔