یومِ بحریہ پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام

یومِ بحریہ پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام
کیپشن: یومِ بحریہ پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام

ویب ڈیسک: یومِ بحریہ پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بحریہ کے افسران و جوانوں کی بہادری اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ نے جرات اور ہمت کی نئی تاریخ رقم کی۔ ۔‎آپریشن سومناتھ دشمن کیلئے خوف اور پاک بحریہ کیلئے فخر کی علامت بنا

یومِ بحریہ اس عزم کی تجدید ہے کہ پاک بحریہ ہر محاذ پر قوم کا دفاع کرتی رہے گی۔ پاک بحریہ ایک جدید اور کثیر الجہتی فورس کے طور پر ابھری ہے۔

صدر نے کہا کہ بُنیان المرصوص کے دوران پاک بحریہ نے سمندری حدود کا تحفظ کرتے ہوئے دشمن کی کسی بھی ممکنہ جارحیت کو ناکام بنایا۔ قوم کو اپنے شہداء اور غازیوں پر فخر ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یوم بحریہ پر میں پاک بحریہ سے وابستہ تمام جوانوں، افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ جوانوں کے عزم و حوصلے اور پیشہ ورارانہ فرائض کی ادائیگی نے ہمیشہ قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ آج کا دن پاک بحریہ کی تابناک تاریخ اور افسران کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ملک کی آبی سرحدوں اور آبی مفادات کے تحفظ کا اعادہ کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی تاریخ بہادری کی داستانوں سے بھرپور ہے۔ بحریہ کی تاریخ میں 1965 کی جنگ میں آپریشن سومناتھ ایک یادگار حیثیت رکھتا ہے۔ اس آپریشن میں پاک بحریہ نے بھارتی ساحلی شہر دوارکا پر فیصلہ کن حملہ کرتے ہوئے مواصلاتی نظام کو تباہ کیا تھا۔ یہ آپریشن پاک بحریہ کی بہادری اور عملی صلاحیتوں کا مظاہرہ تھا۔ اس آپریشن نے ملکی آبی سالمیت اور خود مختاری کی غیر متزلزل تحفظ کے عزم کی بھی بنیاد رکھی۔ اس تاریخی معرکے کی فتح آج بھی بحری افواج کے جوانوں کے دفاع وطن کے جذبہ کو تازہ کرتی ہے۔ فتح یاد دہانی کراتی ہے کہ پاکستان کی آبی سرحدوں کی حفاظت پاک بحریہ کی مستعد نگرانی میں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ معرکہ حق میں پاک بحریہ نے اپنی روشن تاریخ کے عین مطابق بڑی کامیابی سے اپنی تیاری اور عزم کا عملی ثبوت دیا۔ کامیاب دفاع نے یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنی آبی سرحدوں کی حفاظت اور سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کرنا جانتا ہے۔

Watch Live Public News