ویب ڈیسک: امریکی کارساز کمپنی فورڈ کی جانب سے بھارت میں کارخانے بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کمپنی بھارت میں چلنے والے کاریں بنانے کے دونوں پلانٹس بند کر رہی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارہ ( بی بی سی) کے مطابق کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ بھارت میں لگائے ریاست گجرات اور تمل ناڈو کے پلانٹس آئندہ برس کی دوسری سہ ماہی کے دوران بند کر دیئے جائیں گے۔ مکمل کاریں تیار کرنے کے پلانٹس بند کیے جائیں گے تاہم انجن بنانے والے کارخانوں کو بند نہیں کیا جائے گا جہاں سے تیار کردہ انجن کمپنی بیرون ملک برآمد کرے گی۔ خیال رہے کہ بھارت میں کاروبار بند کرنے والی فورڈ تیسری امریکی کمپنی ہے۔ اس سے قبل دو امریکی کمپنیوں بھارت سے کاروبار ختم کر چکی ہیں۔ 2017 کے دوران جنرل موٹرز نے بھارت سے اپنا کاروبار ختم کیا۔ ایک اور کمپنی ہارلے ڈیوڈسن(موٹر سائیکل بنانے والی کمپنی) بھی بھارت میں آپریشز میں واضح طور پر کمی کر چکی ہے۔ بین الاقوامی کاروباری ماہرین اس کو مودی کے لیے جھٹکا قرار دے رہے جو بیرونی کمپنیوں کو بھارت میں سرمایہ کاری کے لیے مناتے پھر رہے ہیں۔