ویب ڈیسک: اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ عمران خان 9 مئی فوٹیج کیلئے کیس کریں گے، ہماری کسی سے ڈیل نہیں ہورہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوج، ایف سی اور انٹیلی جنس ادارے ریاست کے اوزار اور ملازم ہیں، اداروں اور فوج کو اپنے دائرۂ اختیار میں رہنا ہوگا۔
گفتگو کے دوران اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا کہ سیاستدان بھی آئین کے مطابق سیاست کریں، فوج جی تھری رائفل، توپیں اور ٹینک رکھتی ہے اور ائیر فورس ہوائی جہاز اور جی 17 طیاروں کی مالک ہے۔ نیوی کے پاس سب میرین اور جہاز ہیں، ریاست مجلسِ شوریٰ ہے۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی نے کہا کہ ریاست، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے علاوہ ٹیکس عائد کرنے والے ادارے ہیں۔ عمران خان کا پیغام ہے کہ عوام اور فوج کے مابین ن لیگ اور پی پی پی خٰلا بنا رہے ہیں۔ الیکنشن کمیشن کو آزاد کریں۔ یہ الیکشن کا سال ہے۔
عمر ایوب خان نے کہا کہ یہ فارم 47 کی حکومت کچھ نہیں کرسکتی، ایک مضبوط وزیراعظم ہی ملک کو اس بھنور سے نکال سکتا ہے۔ کل بجلی کی قیمت میں ڈھائی روپے فی یونٹ اضافہ ہوا، 20 یا 25 ہزار روپے تنخواہ لینے والا شخص کیسے گزارا کرے گا؟
انہوں نے کہا کہ میں ترجمان آئی ایس پی آر نہیں۔ 9 مئی کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج لائیں، عمران خان سی سی ٹی وی فوٹیج کیلئے کیس کردیں گے، تحریکِ انصاف کسی سے کوئی ڈیل نہیں کر رہی ہے۔