شارجہ حکومت کا ہفتے میں تین دن چھٹیاں دینے کا اعلان

شارجہ حکومت کا ہفتے میں تین دن چھٹیاں دینے کا اعلان
شارجہ: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ نے تمام ملازمین کیلئے ہفتے میں 3 دن چھٹیاں دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی کے اس فیصلے کو خوب سراہتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ یہ ان کی سماجی بہبود کو فروغ دینے کی سوچ کا مظہر ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس اعلان کیساتھ ہی شارجہ میں یکم جنوری 2022ء سے مختصر ورک ویک کا آغاز کر دیا جائے گا۔ اب ہر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے روز ملازمین کو چھٹیاں ہوا کریں گی۔ معاشی تجزیہ کاروں نے حکمران شارجہ کے اس اقدام کو خوب سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بین الاقوامی منڈیوں کیساتھ ہم بہتر طور پر ہم آہنگ ہو سکیں گے جبکہ اس اقدام سے تجارتی مواقع بھی بڑھیں گے۔ شارجہ حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے میں صرف 4 روز کام کرنے سے لوگوں کے اپنی فیملی کیساتھ تعلقات کو فروغ ملے گا۔ خیال رہے کہ شارجہ متحدہ عرب امارات کا پہلا شہر ہے جہاں ہفتے میں تین روز تک چھٹیاں ہوا کریں گی۔ نائب حکمران شیخ سلطان بن احمد القاسمی نے یہ فیصلہ کرنے پر شارجہ کے حکمران کو سراہا ہے۔ شیخ سلطان بن احمد القاسمی کا کہنا تھا کہ کام کے اوقات میں کمی اور ہفتہ وار چھٹیوں کو بڑھانے سے ملازمین کی فلاح وبہبوچ اور دیگر ممالک کیساتھ ہماری پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ شارجہ حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے حکمران نے ہفتے میں صرف چار دن کام کی صرف اس لئے اجازت دی ہے کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے شہری کام اور زندگی میں ایک اچھا توازن قائم رکھیں اور لطف اندوز ہوں۔ تاہم متحدہ عرب امارات کے دیگر تمام شہروں میں سرکاری ملازمین کیلئے ڈھائی دن کا ویک اینڈ ہوگا جس میں بروز جمعہ آدھے دن کی چھٹی ہوگی۔

Watch Live Public News