لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کے لیے مضبوط پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ بھارت نے 2008ء سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔ ساتھ ہی پاکستان نے آخری بار 2012ء میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ ان دونوں ممالک نے گذشتہ 10 سالوں سے ایک دوسرے کے ساتھ کوئی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی ہے۔ تفصیل کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آگئی ہے۔ ان دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کھیلی جا سکتی ہے، جس کے لیے مضبوط پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ یہ دونوں ممالک آئی سی سی ٹورنامنٹس اور ایشیا کپ میں آمنے سامنے رہے ہیں۔ بی سی سی آئی پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ جب تک حکومت ہند سے اجازت نہیں ملتی پاکستان کے ساتھ دو طرفہ کرکٹ سیریز کھیلنا مشکل ہے۔ تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو (سی ای او) نک ہاکلے نے کہا کہ ہم بھارت اور پاکستان کے ساتھ سہ فریقی سیریز کے انعقاد پر غور کرنے کے لیے تیار ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او نک ہاکلے نے کہا کہ آسٹریلیا پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے یہ بات راولپنڈی میں کہی جہاں منگل کو آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہو گیا تھا۔ ہاکلے نے کہا، "ذاتی طور پر، مجھے سہ فریقی سیریز کا تصور بہت پسند ہے۔ ماضی میں اس نے اچھا کام کیا ہے۔ ہم میزبانی کے لیے تیار ہیں۔ درحقیقت آسٹریلیا میں ہندوستان اور پاکستان کے بہت سے لوگ ہیں۔ یہ ایک ایسا کھیل ہے جسے ہر کوئی عالمی کرکٹ میں دیکھنا چاہتا ہے۔ اگر ہم اس میں مدد کر سکتے ہیں، تو ہم ایسا کرنا پسند کریں گے۔ خیال رہے کہ ہندوستان کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کا گذشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک میچ میں پاکستان سے مقابلہ ہوا تھا، جس میں اسے پہلی بار شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ نیوزی لینڈ میں حال ہی میں جاری ہونے والے 50 اوور کے ورلڈ کپ کے میچ میں دونوں ٹیموں کی خواتین ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیلی تھیں۔ جہاں بھارت نے پاکستان کو 107 رنز سے شکست دی۔ ہندوستانی مردوں کی ٹیم اب ایک بار پھر پاکستان سے ٹکرائے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ اکتوبر میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کھیلا جائے گا جو آسٹریلیا میں منعقد ہونا ہے۔ ہاکلے نے کہا کہ 23 اکتوبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں ہونے والے اس میچ کے تمام ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔ غور طلب ہے کہ سال 2012 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان آخری دو طرفہ سیریز کھیلی گئی تھی۔ یہ سیریز ہندوستان میں منعقد کی گئی تھی۔ گذشتہ 10 سالوں سے، بھارت اور پاکستان صرف آئی سی سی ٹورنامنٹس میں ٹکراتے رہے ہیں۔ کرکٹ شائقین ایشیا کپ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور ون ڈے ورلڈ کپ میں ان دونوں ٹیموں کا میچ دیکھنے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔