کرکٹ قوانین میں نئی تبدیلیاں کردی گئیں

کرکٹ قوانین میں نئی تبدیلیاں کردی گئیں
میریلبون کرکٹ کلب ( ایم سی سی) نے کرکٹ کے قوانین میں نئی تبدیلیاں کردی ہیں، نئے قوانین میں تبدیلیوں کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہو گا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق کرکٹ قوانین کے نگران میریلبون کرکٹ کلب ( ایم سی سی) نے نئے قوانین کی منظوری دے دی ہے۔کلب کے مطابق نئے قوانین میں تبدیلیوں کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہو گا۔ نئے قانون کے تحت کرکٹرز کو گیند کو چمکانے کیلئے تھوک استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کرکٹرز گیند کو ایک طرف سے چمکانے کیلئے تھوک یا پسینے کا استعمال کرتے آئے ہیں جس کا مقصد گیند کے بیٹرز کی طرف جاتے ہوئے اسے فضا میں زیادہ حرکت دینا ہے۔نئے قانون کے تحت اس پر مستقل پابندی لگا دی گئی ہے۔ میریلبون کرکٹ کلب کے مطابق تحقیق میں پتہ چلا ہے کہ گیند کو تھوک لگانے پر پابندی سے وہ سوئنگ جو بولرز کو مل رہی تھی اس پر معمولی اثر پڑا ہے لہذا اب گیند کو پسینے یا تھوک سے چمکانےکی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تھوک کا استعمال ایسا ہی سمجھا جائے گا جیسا گیند کی حالت کو تبدیل کرنے کسی غلط طریقے کو سمجھا جاتا ہے۔ ایم سی سی کا کہنا ہے کہ دوسری تبدیلی کے تحت جب کوئی بیٹر کیچ آؤٹ ہو گا تو نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھڑے بلے باز کو کراسنگ کے باوجود اسٹرائیک سنبھالنے سے بھی روک دیا ہے، نیا کھلاڑی اس جگہ پر آئے گا جہاں سٹرائیکر تھا اور اگلی گیند کا سامنا کرے گا لیکن شرط یہ ہے کہ اوور ختم نہ ہوگیا ہو۔ ایم سی سی نے “منکڈنگ” کو باضابطہ رن آؤٹ کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔ ایم سی سی کا کہنا ہے کہ اب منکڈنگ کو ان فیئر پلے کے طور پر نہیں دیکھا جائے گا۔ میریلبون کرکٹ کلب کے مطابق گیند ڈیلیوری سے قبل نان اسٹرائیکر اینڈ پر پلیئر کریز چھوڑنے پر آؤٹ ہوسکتا ہے جبکہ نان اسٹرائیکر کے گیند ہونے سے قبل رن آؤٹ پر گیند اوور میں نہیں گنی جائے گی۔ ایم سی سی کا کہنا ہے کہ منکڈ ’میتھڈ‘ کو قانون 41 (غلط طریقہ) سے قانون 38 (رن آؤٹ) میں منتقل کر دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ ایم سی سی 1787میں برطانوی شہر لارڈز میں قائم کیا گیا ،یہ کرکٹ قوانین سے متعلق واحد بااختیار ادارہ ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔