ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفلیح نے ملاقات کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی عرب کا اعلی سطح کا وقت بھی آرمی چیف کے ساتھ ملاقات میں شریک ہوا۔ آرمی چیف اور سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص دونوں برادر ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر غور کیا گیا۔
خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی جانب سے پاکستان کے لیے مسلسل حمایت و اعانت پر آرمی چیف نے اظہار تشکر کیا۔ آرمی چیف نے پاکستان کے عوام کے دلوں میں سعودی عرب کے لیے پائے جانے والے گہرے احترام اور اخوت کے جذبات کو اجاگر کیا۔
آرمی چیف نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی وفد کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے گہرے برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی تجارتی وفد کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ توقع ہے اس دورے سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت پر تعریف اور شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد بدھ کو پاکستان پہنچا ہے، اس تین روزہ دورے کے دوران دو ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے اور مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔
سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں سعودی وفد نو سے 11 اکتوبر تک پاکستان میں رہے گا۔