ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کے لواحقین کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے بیواؤں اور غیر شادی شدہ بیٹیوں کے لیے تاحیات پنشن کی سہولت بحال کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری کے بعد محکمہ خزانہ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نئے فیصلے کے تحت پنشن کی ادائیگی پر عائد 10 سال کی مدت ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد مستحق بیوائیں اور غیر شادی شدہ بیٹیاں عمر بھر پنشن کی حقدار ہوں گی۔
ترمیم شدہ قواعد کے مطابق اگر کوئی بیوہ دوسری شادی کر لے تو اس کی پنشن بند کر دی جائے گی، جبکہ ایک سے زائد بیواؤں کی صورت میں پنشن کی رقم تمام مستحقین میں برابر تقسیم کی جائے گی۔
پنجاب حکومت کے مطابق اس فیصلے کا مقصد سرکاری ملازمین کے انتقال کے بعد ان کے اہلِ خانہ کو مستقل مالی تحفظ فراہم کرنا ہے۔