واشنگٹن ڈی سی : پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام یوروایشیا شارٹس 2026 فلم فیسٹیول کا کامیاب انعقاد

واشنگٹن ڈی سی : پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام یوروایشیا شارٹس 2026 فلم فیسٹیول کا کامیاب انعقاد

(ویب ڈیسک ) واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام یوروایشیا شارٹس 2026 فلم فیسٹیول کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔

یوروایشیا شارٹس فلم فیسٹیول میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی اور متنوع تعداد  نے شرکت کی۔

امریکی محکمہ خارجہ، سفارتی برادری، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان  نے تقریب میں بھرپور شرکت کی اور  روایتی پاکستانی مہمان نوازی کی تعریف کی۔

فلم فیسٹیول کا آغاز پاکستان، امریکہ اور فرانس کے قومی ترانوں کی دھنوں سے کیا گیا۔ یوروایشیا شارٹس واشنگٹن میں قائم سفارت خانوں اور ثقافتی مراکز کے تعاون سے شارٹ فلموں کا سالانہ فیسٹیول ہے۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے تعاون سے پاکستانی مختصر فلموں کی نمائش کی گئی۔

پاکستان نے پہلی مرتبہ یوروایشیا شارٹس فلم فیسٹیول میں شرکت کرتے ہوئے اپنی مختصر فلموں کے ذریعے قومی عزم، استقامت اور معاشرتی طاقت کو اجاگر کیا۔

 اس موقع پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کی فلم فیسٹیول کے شرکاء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اس ایونٹ کی میزبانی ہماری ثقافتی مکالمے اور تخلیقی تعاون سے وابستگی کا واضح اظہار ہے، پاکستان کی تخلیقی صلاحیتیں ہزاروں سال پرانی تہذیب سے جڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہرگڑھ سے وادیِ سواں تک ہماری تہذیب علم، فن اور تخلیقی صلاحیتوں کی روشن علامت رہی ہے،آج پیش کی جانے والی کہانیاں محض افسانے نہیں بلکہ حقیقی زندگی کے سچے اور متاثر کن واقعات ہیں۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ ان فلموں کے ذریعے ہم پاکستان سے متعلق دقیانوسی تصورات کو حقیقی انسانوں، حقیقی جدوجہد اور حقیقی کامیابیوں کی کہانیوں سے سنوارنا چاہتے ہیں، پاکستان ایک قدیم تہذیب ہے لیکن پسماندہ نہیں، ہم نے ہمیشہ علم، وسعتِ قلبی اور لبرل ازم کے جذبے کی آبیاری کی ہے،یہ فلمیں ثابت کرتی ہیں کہ پاکستان اپنے اقلیتی طبقات کے حقوق، تنوع اور سماجی شمولیت کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تخلیقی صلاحیتیں مختلف تہذیبوں اور قوموں کے درمیان مضبوط پل تعمیر کرتی ہیں، پاکستان مستقبل میں بھی اس عالمی ثقافتی سفر کا فعال حصہ رہے گا،آئیں ہم سب مل کر ایک ساتھ اور آج سے اسی جگہ تخلیقی صلاحیتوں کا جشن منائیں۔

فیسٹیول کے دوران پاکستان اور فرانس کی دو دو شارٹ فلمیں دکھائی گئیں۔نوجوانوں پر مشتمل پرجوش شرکاء نے ایوارڈ یافتہ فلم سازوں کے سنیماٹک مکالمے کا بھرپور لطف اٹھایا ۔

شرکاء نے پاکستانی سفارت خانے کی میزبانی، پاکستانی ثقافت اور روایتی مہمان نوازی کو بے حد سراہا۔    

الائنس فرانسیز کی ڈپٹی اور اکیڈمک ڈائریکٹر آمنہ مدجلسی نے سفیر پاکستان اور پاکستانی سفارت خانے کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی

Watch Live Public News