لاہور میں تیزبارش، آسمانی بجلی گرنے سمیت مختلف حادثات، 2 جاں بحق

لاہور میں تیزبارش، آسمانی بجلی گرنے سمیت مختلف حادثات، 2 جاں بحق
کیپشن: لاہور میں آندھی کےساتھ بارش، مختلف علاقوں میں بجلی غائب

ویب ڈیسک: شہر میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی جس کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔

تفصیلا ت کے مطابق ایبٹ روڈ،لکشمی چوک، فتح گڑھ، ہربنس پورہ سمیت دیگر علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش ہوئی، علامہ اقبال روڈ، رنگ روڈ، دھرم پورہ اور شملہ پہاڑی کے گردونواح میں بھی بارش ہوئی۔

آندھی اور بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو گیا، لیسکو کے 320 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی بند ہو گئی۔

گجومتہ، کاہنہ، حمزہ ٹاؤن، فیروز پور روڈ، چونگی امرسدھو، والٹن، یوحنا آباد، باغبانپورہ، گڑھی شاھو، صدر، بھٹہ چوک، بیدیاں روڈ اور علی پارک کے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہو گئی۔

اس کے علاوہ قلعہ گجر سنگھ، مغل پورہ، سبزہ زار، گلشن راوی، سمن آباد، شالیمار ، مصطفیٰ آباد، چائنہ سکیم سمیت مختلف علاقوں میں بھی بجلی بند ہو گئی، بجلی کی بندش سے شہری پریشان ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آندھی کے باعث تمام کاؤنٹرز، بریفنگ ہال اور ڈیپارچر ہال کی لائٹس بند ہو گئیں۔

پنجاب اور کے پی میں بارشیں، آسمانی بجلی گرنے سمیت مختلف حادثات، 2 جاں بحق

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سمیت مختلف حادثات پیش آئے۔گزشتہ روز لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی کے ساتھ بارش ہوئی ، کئی اضلاع میں سائن بورڈز گر گئے، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔فیصل آباد ، چنیوٹ ، بھکر، کمالیہ میں بھی آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔

چنیوٹ میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث گھر کی چھت گر گئی۔ واقعہ میں گھر میں موجود 4 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی اور 2 خواتین زخمی ہوئی۔

ادھر ہزارہ ڈویژن کے مختلف اضلاع مانسہرہ اور ہری پور میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی۔

دیر بالا میں بھی بادل برسے، لکی مروت میں بارش کے باعث چھت گرنے سے بچی جاں بحق اور نو افراد زخمی ہوگئے۔ گاؤں ناور خیل میں آسمانی بجلی گرنے سے مکان میں آگ لگ گئی۔

Watch Live Public News