سیلاب زدگان کی امدادکی تقسیم میں شفافیت کیلئے ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ قائم

سیلاب زدگان کی امدادکی تقسیم میں شفافیت کیلئے ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ قائم
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر جدید ٹیکنالوجی سے ڈیش بورڈ بن گیا ہے،جس کا احسن اقبال کل افتتاح کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیش بورڈ سے عوام کو امدادی سامان کی وصولی، تقسیم اور ترسیل کی تمام معلومات فوری فراہم ہوں گی۔وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کے لئے آنے والی امداد اور اس کی تقسیم کے تمام عمل کو شفاف بنانے کے لئے” ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ“ تیار کرلیا گیا ہے جس کے ذریعے عوام سیلاب متاثرین کے لئے عالمی، وفاقی اور صوبائی سطح پر آنے والی رقوم اور امدادی سامان کے بارے میں نہ صرف براہ راست جان سکیں گے بلکہ یہ بھی معلوم کرسکیں گے کہ یہ امدادی سامان کہاں کہاں تقسیم ہوا۔ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کا باضابطہ افتتاح پیر 12ستمبر کو وزیر منصوبہ بندی اور ڈپٹی چئیرمین نیشنل فلڈ ریسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر احسن اقبال ’این۔ایف۔آر۔سی۔سی‘ میں کریں گے۔ یہ اعلان وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت لاہور میں منعقدہ اجلاس میں کیاگیا۔ اجلاس میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو ریلیف کی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ وزیراعظم کو آگاہ کیاگیا کہ اُن کی ہدایت کے مطابق امدادی سامان اور عطیات کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک” ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ“ تیار کرلیاگیا ہے جس پر ملک بھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں، تقسیم کئے جانے والے سامان اور وصول ہونے والے امدادی سامان کی تمام تفصیلات موجود ہوںگی۔ اس ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے تمام امدادی کاروائیوں کو شفاف طریقے سے انجام دینے کے علاوہ عوام اور میڈیا کو ہر لمحہ باخبر رکھا جائے گا۔ وزیراعظم شہبازشریف ڈیجیٹل فلڈز ڈیش بورڈ کی نگرانی بذات خود کریں گے۔ وزیراعظم نے عالمی برادری اور قوم سے وعدہ کیا تھا کہ سیلاب زدگان کو ملنے والی امداد کو شفاف طریقے سے متاثرین تک پہنچایا جائے گا۔ یہ ڈیش بورڈ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ وزیراعظم یہ اعلان بھی کرچکے ہیں کہ امداد کا نہ صرف ’اے۔جی۔پی ۔آر‘ بلکہ دنیا کی صف اول کی آڈٹ فرم سے آڈٹ کرایا جائے گا تاکہ تمام عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں میں نظام زندگی کی بحالی کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ سڑکوں، پلوں کی بحالی، بجلی کی ترسیل سمیت دیگر امدادی کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ سیلاب زدہ علاقوں میں خوراک سمیت اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں سے اشتراک عمل اوربھرپور تعاون یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے سڑکوں کی جلد از جلدبحالی اور صوبوں کو درپیش دیگر مسائل کے حل کی جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔