ڈھاکایونیورسٹی:طلبہ یونین انتخابات میں پاکستان کا حامی گروپ کامیاب

ڈھاکایونیورسٹی:طلبہ یونین انتخابات میں پاکستان کا حامی گروپ کامیاب
کیپشن: ڈھاکایونیورسٹی:طلبہ یونین انتخابات میں پاکستان کا حامی گروپ کامیاب

ویب ڈیسک: بنگلہ دیش کی معروف درسگاہ ڈھاکا یونیورسٹی کے طلبہ یونین انتخابات میں پاکستان حامی طلبہ تنظیم اسلامی چھاترا شِبیر نے تاریخی کامیابی حاصل کر کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔

معروف روزنامہ پروتھم الو کے مطابق تنظیم کے امیدواروں نے نہ صرف نائب صدر بلکہ جنرل سیکریٹری اور اسسٹنٹ جنرل سیکریٹری جیسی اہم نشستوں پر بھی کامیابی حاصل کی۔ نتائج کے مطابق ابو شادک قیوم نے 14 ہزار 42 ووٹ لے کر نائب صدر کی پوزیشن جیت لی۔ اسی طرح ایس ایم فرہاد نے 10 ہزار 794 ووٹ حاصل کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری کا منصب اپنے نام کیا جبکہ محی الدین خان 11 ہزار 772 ووٹ لے کر اسسٹنٹ جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے۔

انتخابات میں طلبہ کی بھرپور شمولیت دیکھنے میں آئی اور 78 فیصد سے زائد طلبہ نے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ چیف ریٹرننگ آفیسر پروفیسر محمد زشیم الدین نے اس انتخابی عمل کو شفاف اور مثالی قرار دیا اور کہا کہ ڈھاکا یونیورسٹی کا ماڈل دیگر جامعات کے لیے بھی ایک رہنمائی ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اسلامی چھاترا شِبیر کی یہ شاندار کامیابی نہ صرف بنگلہ دیش میں نئی سیاسی فضا کی عکاسی کرتی ہے بلکہ خطے میں بھارت کے منفی بیانیے کے لیے بھی ایک بڑا دھچکا سمجھی جا رہی ہے۔ اس کامیابی نے ظاہر کر دیا ہے کہ بنگلہ دیشی طلبہ کی ایک بڑی تعداد خطے میں اسلامی اور پاکستان حامی نظریات کے ساتھ کھڑی ہے۔

یہ نتائج مستقبل کی سیاست پر گہرے اثرات ڈال سکتے ہیں کیونکہ یونیورسٹی طلبہ ہی کل کے قومی رہنما بن کر سامنے آتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت بنگلہ دیش میں طاقت کے توازن کو نئی سمت دے سکتی ہے۔

Watch Live Public News