ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے علاقے مہرستان، صوبہ سیستان میں 8 پاکستانی شہریوں کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ دہشتگردی کا ناسور پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ خطے کے تمام ممالک کو دہشتگردی کے خلاف متحد ہو کر ایک مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی تاکہ ایسے المناک واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔
وزیراعظم نے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملزمان کو فوری گرفتار کرے، انہیں قرار واقعی سزا دے، اور اس بہیمانہ واردات کی مکمل وجوہات قوم کے سامنے لائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ پاکستانیوں کے اہل خانہ سے فوری رابطہ کیا جائے اور ایران میں پاکستانی سفارتخانے کو مقتولین کی میتوں کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اس دلخراش واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔