(ویب ڈیسک ) پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ فہرست کے علاوہ کوئی بھی فرد بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات نہیں کرے گا اور جو ایسا کرے گا وہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا۔
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ملک کی موجودہ مجموعی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ جوہر منگل اور جمعرات کے روز عمران خان سے ملاقات کرنے والوں کے ناموں کی فہرست مرتب کرے گی، جہاں تک ممکن ہوا، ایک میٹنگ میں اگلی میٹنگ کی فہرست کی منظوری بانی چیئرمین سے لی جائیگی۔
سیاسی کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ فہرست بانی پی ٹی آئی کے نامزد تین فوکل پرسنز جن میں گوہر علی خان، سلمان اکرم راجا اور انتظار پنجھوتہ شامل ہیں ، ان میں سے کسی ایک کے ذریعے جیل حکام کو ارسال کی جائے گی، یہ طریقہ بانی چیئرمین کی ہدایت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق ہے۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فہرست کے علاوہ کوئی بھی فرد بانی چیئرمین سے ملاقات نہیں کرے گا، ایسا کرنے والا پارٹی ڈسپلن اور مقرر کردہ قاعدے کا منحرف تصور ہو گا۔
اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا کے حکومتی عہدیداروں کو اس حوالے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ وہ کسی بھی دن اور کسی بھی وقت بانی چیئرمین سے ملاقات کیلئے آزاد ہوں گے، اس کیلئے پانچ رکنی کمیٹی کی فہرست کی پابندی لازم نہیں ہوگی۔