محکمہ موسمیات نے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی
کیپشن: محکمہ موسمیات نے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے مغربی اور شمالی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ہفتے اور اتوار کو ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہو گا، جس سے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

اس کے علاوہ، 14 اور 15 دسمبر کو باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی اور وزیرستان میں جزوی ابر آلود موسم اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور پوٹھوہار ریجن میں اتوار اور پیر کو ہلکی بوندا باندی متوقع ہے۔

کوئٹہ، زیارت، ژوب، شیرانی اور چمن میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ میدانی علاقوں میں 16 دسمبر تک شدید دھند چھائے رہنے کا خدشہ ہے، جس سے حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کی وجہ سے ناران، کاغان، مالم جبہ، سوات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند ہو سکتی ہیں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

مزید برآں، 19 دسمبر سے ایک اور مغربی سسٹم کے ملک پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی۔

Watch Live Public News