ویب ڈیسک: ایشیا کے امیر ترین بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی بارات میں لیجنڈری اداکار رجنی کانت کے ڈانس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
عالمی میڈیا کی سُرخیوں میں جگہ بنانے والی جوڑی اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی بالآخر ہوگئی ہے، گزشتہ روز ممبئی میں منعقد ہونے والی شادی کی تقریب میں بالی ووڈ اسٹارز سمیت دُنیا بھر کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔
اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں جن پر لاکھوں کروڑوں ویوز بھی آرہے ہیں، انہی ویڈیوز میں سے ایک ویڈیو اننت امبانی کی بارات کی بھی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اننت امبانی کی بارات بھی روایتی انداز میں گئی لیکن فرق صرف اتنا تھا کہ اس بارات میں ڈانس کرنے والے لوگ عام نہیں بلکہ بالی ووڈ اسٹارز تھے۔
اننت امبانی کی بارات میں بھارت سمیت دُنیا بھر کی معروف شخصیات نے ڈانس کیا، جن میں لیجنڈری اداکار رجنی کانت بھی شامل تھے۔
رجنی کانت نے بالی ووڈ اداکار انیل کپور اور رنویر سنگھ کے ہمراہ ڈانس کیا، ان تینوں اسٹارز نے فلم ‘دل دھڑکنے دو’ کے گانے ‘گلاں گڈیاں’ پر پُرجوش انداز میں ڈانس کیا۔
سُپر اسٹار رجنی کانت کے ڈانس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو مداحوں نے اُن کی پرفارمنس کی خوب تعریفیں کیں جبکہ مداحوں نے کہا کہ امبانی نے رجنی جی کو بھی ڈانس کرنے پر مجبور کردیا۔