لاہور (پبلک نیوز ) پی ٹی آئی کا 14 مئی کو سیالکوٹ میں ہونے والا جلسہ رکوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ اس درخواست میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے. درخواست میں یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میڈیا کے ذریعے درخواست گزار ادارے کی گرائونڈ پر جلسے کا علم ہوا. ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ نے پی ٹی آئی کو روکنے کہ بجائے درخواست گزار کو گراونڈ خالی کرنے کا کہا ہے. پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو درخواست گزار کی زمین جلسے پر دینے کا قانونی اختیار نہیں ہے ۔ درخواست میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے جلسہ کرنے سے اقلیتی تعلیمی بورڈ کی پرائیویسی متاثر ہو گی اور مالی نقصان ہو گا. پی ٹی آئی کو جلسے کیلئے درخواستگزار کی نجی گراونڈ استعمال کرنے کا کوئی قانونی حق نہیں ہے ۔ پی ٹی آئی کو اگر قانونی طور پر نہ روکا گیا تو پھر مستقبل میں ساری سیاسی جماعتیں درخواستگزار کی زمین پر جلسے کریں گی ۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عمران خان کو درخواست گزار تعلیمی بورڈ کی اراضی پر جلسہ کرنے سے روکا جائے ۔