آئندہ مالی سال 2024-25  کا بجٹ 7 جون کو پیش کرنے کی تیاریاں جاری 

آئندہ مالی سال 2024-25  کا بجٹ 7 جون کو پیش کرنے کی تیاریاں جاری 

(ویب ڈیسک ) آئندہ مالی سال 2024-25  کا بجٹ 7 جون کو پیش کرنے کی تیاریاں جاری  ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کیلئے شرح نمو 3.5 فیصد مقرر کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ بجٹ میں اخراجات کا ابتدائی تخمینہ 24 ہزار 710 ارب روپے لگایا گیا ، حکومت کے جاری اخراجات کے لئے 22 ہزار 37 ارب روپے کا تخمینہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  آئندہ مالی سال ترقیاتی بجٹ کا حجم 2 ہزار 590 ارب روپے ہو گا،  وفاقی ترقیاتی پروگرام 890 ارب، صوبائی ترقیاتی بجٹ ایک ہزار 700 ارب روپے کا ہو گا،  پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر ترقیاتی پروگرام کو آگے بڑھایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق  آئندہ بجٹ میں دفاع کیلئے 2 ہزار 152 ارب روپے مختص ہوں گے،  سود اور قرضوں پر اخراجات کا ابتدائی تخمینہ 9 ہزار 787 ارب روپے ہے، 8 ہزار 517 ارب روپے مقامی اور ایک ہزار 158 ارب روپے غیر ملکی قرض بیرونی قرض پر سود ہو گا، آئندہ بجٹ میں سبسڈی کا حجم ایک ہزار 509 ارب روپے لگایا گیا ہے، توانائی شعبے کیلئے سبسڈیز کا ابتدائی حجم 8 سو ارب روپے تک ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  آئندہ مالی سال حکومت کی مجموعی آمدن 15 ہزار 424 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ ایف بی آر کے ٹیکس محاصل کا تخمینہ 11 ہزار 113رب روپے رکھا گیا  ہے۔ آئندہ بجٹ میں براہ راست ٹیکسوں کا حجم 5 ہزار 291 ارب روپے رکھے جانے کا امکان  ہے، وفاقی ایکسائز ڈیوٹی 672 ارب، سیلز ٹیکس 3 ہزار 855 ارب روپے  رکھنے کا اندازہ ہے۔

ذرائع کے مطابق  کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں ایک ہزار 296 ارب روپے وصولی کا اندازہ ہے۔ نان ٹیکس آمدن کا ابتدائی تخمینہ 2 ہزار 11ارب روپے تک لگایا گیا ہے،   بجٹ میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1080 ارب روپے آمدنی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج کی مد میں 78 ارب روپے آمدن کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

Watch Live Public News