وزیراعظم  شہباز شریف کی امیر قطر سے ملاقات، تعلقات مزید مضبوط کرنے کا عزم

وزیراعظم  شہباز شریف کی امیر قطر سے ملاقات، تعلقات مزید مضبوط کرنے کا عزم

ویب ڈیسک:وزیراعظم  شہباز شریف کی شرم الشیخ میں غزہ کے حوالے سے امن سربراہی اجلاس کے موقع پر قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط اور تاریخی دوطرفہ تعلقات کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں مختلف شعبوں میں پاکستان، قطر تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا، وزیر اعظم نے قطر کے امیر کی ثابت قدم قیادت، سفارت کاری اور دیگر برادر ممالک کے ساتھ تعاون پر تعریف کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قطر کی کاوشوں کے نتیجے میں آج شرم الشیخ میں تاریخی امن معاہدے پر دستخط ہوئے، وزیرِ اعظم نے غزہ کے بحران کے منصفانہ اور دیرپا حل تلاش کرنے کیلئے قطر کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا۔  

وزیراعظم نے کہا کہ امن معاہدے نے لاکھوں فلسطینیوں کو اپنی زندگیوں کو دوبارہ شروع کرنے اور تعمیر نو امیدیں جگائی ہیں، وزیرِ اعظم نے 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور القدس شریف کے بطور دارالحکومت کے ساتھ ایک آزاد، قابل عمل فلسطینی ریاست کے قیام کے حق میں پاکستان کے دیرینہ موقف پر زور دیا۔  

وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

قطر کے امیر نے پاکستان کی یکجہتی اور فلسطین کے بارے میں اصولی موقف پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ۔

امیر قطر کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی مستقل توجہ خطے میں دیرپا امن و استحکام لانے میں معاون ثابت ہوگی، دونوں رہنماؤں نے باہمی تشویش کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ماہ میں دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ چوتھی ملاقات ہے۔ 

Watch Live Public News