علی بابا  کی پاکستان میں باضابطہ انٹری، بائے ناؤ پے لیٹر شاپنگ سروسز متعارف

علی بابا  کی پاکستان میں باضابطہ انٹری، بائے ناؤ پے لیٹر شاپنگ سروسز متعارف

(ویب ڈیسک)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے کوکو ٹیک پاکستان کو نان بینکنگ فنانس کمپنی (NBFC) کا لائسنس جاری کر دیا ہے، جو علی بابا گروپ سے منسلک ایک ذیلی ادارہ ہے۔ اس اقدام کے ذریعے کمپنی ملک میں ابھی خریدیں، بعد میں ادائیگی کریں( Buy Now, Pay Later) سروسز متعارف کرا سکے گی۔

یہ پیش رفت پاکستان کے ریگولیٹڈ فن ٹیک اور ای کامرس سے جڑے مالیاتی خدمات کے شعبے میں علی بابا کی باضابطہ توسیع کو ظاہر کرتی ہے۔این بی ایف سی ( NBFC) لائسنس کے تحت، کوکو ٹیک صارفین کو قسطوں پر آن لائن خریداری کی سہولت فراہم کرے گا، جس سے وہ مکمل رقم ایک ساتھ ادا کرنے کے بجائے آسان ماہانہ اقساط میں ادائیگی کر سکیں گے۔

اس اقدام سے آن لائن خریداروں کے لیے اشیاء کی خریداری مزید آسان ہو جائے گی اور خاص طور پر نوجوان صارفین، فری لانسرز اور چھوٹے کاروباروں کے لیے مالی شمولیت میں اضافہ متوقع ہے۔

پاکستان میں ابھی خریدی اور بعد میں ادائیگی کریں ( Buy Now, Pay Later ) مارکیٹ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے لیکن تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ اس ماڈل کے تحت صارفین اپنی خریداری کو چھوٹی، مقررہ ادائیگیوں میں تقسیم کر سکتے ہیں، جو عموماً قلیل مدتی اور بغیر سود یا کم لاگت پر مبنی ہوتی ہیں۔

ملک میں اس شعبے میں گزشتہ چند سالوں کے دوران بتدریج اضافہ ہوا ہے، جہاں قسط  پے( QisstPay) اوربینک الفلاح جیسے ادارے قسطوں کی سہولت فراہم کر رہے ہیں، تاہم عالمی منڈیوں کے مقابلے میں ابھی بھی اس کی رسائی محدود ہے۔

پاکستان میں ای کامرس اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام مسلسل ترقی کر رہا ہے، جس کی وجہ اسمارٹ فون کے بڑھتے ہوئے استعمال، ڈیجیٹل والٹس، برانچ لیس بینکاری اور فن ٹیک کے لیے مضبوط ریگولیٹری سپورٹ ہے۔

علی باباکی جانب سے پاکستان میں مزید براہ راست سرمایہ کاری کی بھی توقع کی جا رہی ہے، جو ملک کی بڑی صارف مارکیٹ اور ڈیجیٹل معیشت کی طویل مدتی صلاحیت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی نشاندہی کرتی ہے۔ علی بابا پہلے ہی دراز( Daraz) کے حصول اورٹیلی نور مائیکروفائینینس بینک میں علی پے( Alipay) کی سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان میں اپنی موجودگی قائم کر چکا ہے، اور یہ نیا قدم صارف مالیات اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے شعبے میں اس کی توسیع کا قدرتی تسلسل ہے۔

Watch Live Public News