ملک بھر میں 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
کیپشن: ملک بھر میں 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ویب ڈیسک:  ملک بھر میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

دن کا آغاز وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت مختلف شہروں میں توپوں کی سلامی اور نمازِ فجر کے بعد ملکی ترقی، سلامتی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔  یومِ آزادی کا جشن رات 12 بجتے ہی شروع ہوگیا، اس موقع پر ملک کے مختلف شہروں، گلیوں اور محلوں کو سبز ہلالی پرچموں، برقی قمقموں اور قومی پرچموں سے سجایا گیا۔ شہریوں نے بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکل کر آزادی کا جشن منایا، جبکہ مختلف مقامات پر ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آتش بازی اور چراغاں کا اہتمام کیا گیا۔ شہریوں نے قومی پرچم تھامے جشنِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کی اور وطن سے محبت کا اظہار کیا۔

لاہور میں شاندار آتش بازی
لاہور میں گریٹر اقبال پارک اور لبرٹی چوک سمیت مختلف مقامات پر جشنِ آزادی کے سلسلے میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ آتش بازی دیکھنے اور جشن منانے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد مختلف مقامات پر موجود رہی۔

حیدرآباد میں بھی جشنِ آزادی
حیدرآباد میں رات 12 بجتے ہی مختلف علاقوں میں آتش بازی کی گئی، جبکہ جشنِ آزادی منانے کے لیے شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔ شہر میں مختلف مقامات پر جشن کا سماں رہا۔

ملتان میں گھنٹہ گھر چوک پر آتش بازی
ملتان میں بھی 14 اگست کی مناسبت سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گھنٹہ گھر چوک پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ آتش بازی دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد گھنٹہ گھر چوک پہنچ گئی۔

یومِ آزادی کے آغاز پر 21 توپوں کی سلامی
یومِ آزادی کے آغاز پر لاہور میں پاک فوج کی جانب سے 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ نمازِ فجر کے بعد مساجد میں ملکی ترقی، سلامتی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

کوئٹہ میں بھی یومِ آزادی کے موقع پر دن کا آغاز کینٹ میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جبکہ مساجد میں نمازِ فجر کے دوران ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

مسلح افواج کی قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل، چیف آف نیول اسٹاف اور چیف آف ایئر اسٹاف نے قوم کو 79ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج تمام خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہیں۔ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے مسلح افواج نے ملک کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بانیانِ پاکستان کا وژن اور ان کے اصول قوم کو پاکستان کے نظریات اور اقدار کی پاسداری کے لیے مسلسل رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ مسلح افواج نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قوم کے ساتھ متحد ہو کر امن، استحکام اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گی۔

Watch Live Public News