ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے اپنی جائیداد سے متعلق ایک دلچسپ اور غیر متوقع بیان دے کر سب کی توجہ حاصل کر لی۔
58 سالہ سنیتا آہوجا، جو گزشتہ 39 برس سے گووندا کے ساتھ ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں، ممبئی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔ اس دوران اپنے پالتو کتے کے ہمراہ موجود سنیتا نے ہنستے مسکراتے انداز میں کہا کہ وہ اپنی تمام جائیداد اپنے پالتو کتے کے نام کرنے پر غور کر رہی ہیں۔
گفتگو کے دوران جب ان سے ان کے بھانجے اور معروف کامیڈین کرشنا ابھیشیک کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کرشنا پہلے ہی کامیاب ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہ مستقبل میں مزید کامیابیاں سمیٹے گا۔ سنیتا نے کرشنا کو اپنے بیٹے جیسا قرار دیتے ہوئے اس کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
میڈیا سے خوشگوار موڈ میں گفتگو کے بعد سنیتا آہوجا کو اپنے پالتو کتے کو گاڑی کی اگلی نشست پر بٹھاتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گووندا اور سنیتا آہوجا کے درمیان طلاق سے متعلق افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیتا کا یہ تبصرہ غیر رسمی اور مزاحیہ انداز میں کیا گیا تھا۔