وفاقی حکومت نے توشہ خانہ سے وزیراعظم ، صدر اور کابینہ ارکان پر 300 ڈالر سے زائد مالیت کا تحفہ حاصل کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے توشہ خانہ پالیسی 2023 فوری طور پر نافذ کردی ہے جس کے تحت کروڑوں روپے مالیت کی گھڑیاں ، گاڑیاں،زیورات اور دیگر تحائف حاصل کرنے پر پابندی عائد ہو گئی ہے ۔ توشہ خانہ پالیسی 2023 کے تحت سول و ملٹری افسران ، ججز پر بھی 300 ڈالر سے زائد مالیت کا تحفہ حاصل کرنے پر پابندی ہوگی ہے ۔ صدر، وزیراعظم، ججز ، کابینہ ارکان ، سول و ملٹری افسران پر ملکی و غیر ملکی شخصیات سے نقدی بطور تحفہ وصول کرنے پر بھی پابندی ہوگی ہے ۔ پالیسی کے مطابق مجبوراً کیش تحفہ وصول کرنے پر فوری طور پر پوری رقم قومی خزانے میں جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔