(ویب ڈیسک ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو جس ایئر فورس کے جہازوں کو جلایا گیا اسی ایئر فورس نے رافیل طیارے کو گرایا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں لیپ ٹاپ اورہونہار سکالرشپ فیز ٹو کی تقریب سے خطاب میں اہم اعلانات کیے۔
مریم نواز نے اعلان کیا کہ اگلے سال فیصل آباد میں میٹروبس سروس شروع کی جا رہی ہے، انہوں نے فیصل آباد میں گرین الیکٹرک بسیں چلانے اور لاہور کی طرز پر فیصل آباد ڈویلپمنٹ پلان لانے کا اعلان بھی کیا۔
اس کے علاوہ وزیر اعلی مریم نواز نے فیصل آباد ڈیژن کے شہروں کیساتھ ساتھ گاؤں کو بھی ماڈل ویلج بنانے کا اعلان کیا۔
وزیر اعلی مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دنیا کی سب سے بڑ ی قوت اورطاقت بنانا چاہتے ہیں۔سب کی نیت ٹھیک تھی تو پاکستان کو تاریخی فتح ملی۔ اگر عوام تقسیم اورقیادت متحد نہ ہوتی تو دشمن کے خلاف تاریخی فتح نہ حاصل کرسکتے۔ تاریخی فتح پر قوم کو متحد اوریکجان بنا دیا۔ کامیابی پر فخر نہیں،عا جزی اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج میرا اورہم سب کا سر فخر سے بلند ہے۔ ہر لحاظ سے بڑے دشمن سے سامنا تھا،مقابلہ کیا،افواج پاکستان نے جنگ لڑی،پوری قوم ساتھ کھڑی تھی۔ ہم نے صرف جنگ ہی نہیں جیتی بلکہ قوم کا روشن مستقبل یقینی بنایا۔ میں باربار بچوں کو تفریق اورتقسیم کرنے والوں کے بارے میں بتاتی رہی۔ میں بچوں سے پہلے بھی کہتی رہی، آج بھی کہتی ہوں کہ نفرت اورتقسیم پھیلانے والوں کی باتوں میں نہیں آنا۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ہر نوجوان کا قدم ملک وقوم کی سلامتی کیلئے ہونا چا ہیے۔سارے ادارے ہمارے اپنے ہیں،لوگ ہمارے اپنے ہیں،اندھی نفرت کا شکار نہیں ہونا چا ہے۔ وطن کا مستقبل طلبہ کے ہاتھ میں ہے۔وردی کو ڈنڈے پر لٹکا کر مذاق اڑایا گیا،آج یہی وردی پوش جوان سرحدوں پر ہماری حفاظت کیلئے لڑ رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ بچوں کا جذبہ دیکھ کر دل کو تسلی،اطمینا ن اورمسرت ہوتی ہے،اپنے طلبہ پر فخر ہے۔جنگ جیتنے سے بڑا خوشی کا لمحہ کوئی نہیں ہوسکتا۔بچوں سے کہتی ہوں کہ کسی کے اقتدار کی ہوص کا شکار نہ بنیں۔پاکستان کے نوجوانوں نے نفرت کی سیاست کو مسترد کردیا۔جب مشکل گھڑی آتی ہے، قوم کے بیٹے سینہ تان کرکھڑے ہوتے ہیں۔ ملک کے مستقبل کے بارے میں شک و شبہات پیدا کرنے والے شرمندہ ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ اورسکالر شپ طلبہ پر احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے۔ میں عوام کی امانتوں کی امین ہوں،سب کچھ بیٹے اوربیٹیوں کا ہے۔ بچوں کے ہاتھ میں لاٹھی اوراسلحہ اچھانہیں لگتا،لیپ ٹاپ اچھے لگتے ہیں۔ پراجیکٹس کا معائنہ کرنے کے دوران سبزی کے نرخ چیک کیے،اللہ کا شکر ہے اشیاء کے نرخ نیچے آرہے ہیں۔ میں زیادہ سے زیادہ بچوں کو لیپ ٹاپ اورسکالر شپ دینا چاہتی ہوں۔ہمارے بچے لائق،ذہین اورمحنتی ہیں،ہمار ا مستقبل انہی سے روشن ہیں۔ لیپ ٹاپ اورسکالرشپ لینے والے بچوں،ان کے والدین اوراہل خانہ کو مبارک باد پیش کرتی ہوں۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ جن جہازوں کو گرایا اورجلایا گیا،انہی جہازوں اورلوگوں نے جنگ لڑی۔انڈیا کہتا تھا کہ رافیل طیارہ گرایا نہیں جا سکتا،ہم نے جے ایف تھنڈر سے گرا کر دیکھا دیا۔ قوم کو یقینا یاد ہوگا جے ایف تھنڈرکس نے بنایا تھا۔ محمد نوازشریف نے کہا تھا کہ ہم 9مئی والے نہیں 28مئی والے ہیں۔آج نوجوانوں کا جوش و خروش بتارہا ہے،ہم 9مئی والے نہیں 10اور28مئی والے لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 1998میں لوگ محمد نوازشریف کو ایٹمی دھماکے کا جواب نہ دینے کا کہہ رہے تھے۔لوگوں نے محمد نوازشریف کو ایٹمی دھماکے پر پابندیاں لگنے سے ڈرایا۔ محمد نوازشریف نے کہا کہ دھماکے ضرور کروں گا،میرے وطن کی سلامتی اوردفاع کا معاملہ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ 28مئی کو ہم نے مقابلہ 5اور6سے جیتا تھا،10مئی کو مقابلہ 6 /زیرو سے جیتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ میرے بیٹے اوربیٹیاں 10مئی کے جانشین ہیں،سبز ہلالی پرچم نہیں گرنے دیں گے۔ فضائیہ کے شاہینوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ فیصل آباد کے 12ہزار طلبہ کی طرف سے وزیراعظم شہبازشریف،آرمی چیف جنرل عاصم منیر،ایئر چیف ظہیر بابر سندھو کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ جنگ میں زخمی ہونے والے شہریوں اورجوانوں کی دیکھ بھال کرنے پر سب کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین اورشاباش پیش کرتی ہوں۔ شہداء اورغازیوں کی بے مثال خدمت اوردیکھ بھال کرنے والو ں کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ صوبائی وزیر رانا سکندر حیات،سیکرٹری ڈاکٹر فرخ نوید اوران کی ٹیم کو شاباش دیتی ہوں۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے تقریب کے آخر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگوائے۔