لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کے سینئر صحافی، ناول نگار اور مصنف طارق اسماعیل ساگر انتقال کر گئے ہیں۔ کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد ان کو لاہور کے مقامی ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔ طارق اسماعیل ساگر کے آفیشل فیس بک پیج پر ان کے انتقال کی تصدیق کی گئی۔ جاری کردہ پوسٹ میں لکھا گیا کہ گزشتہ دنوں طارق اسماعیل ساگر کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے جس کے بعد ان کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج تھے۔ علاج کارگر ثابت نہ ہوا اور وہ داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ انھوں نے 70 سے زائد کتابیں تحریر کیں۔ نوائے وقت سمیت پاکستان کے کئی بڑے اخباروں میں مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ ان کی ناول نگاری وجہ شہرت بنی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی جانب سے سینئر صحافی و ناول نگار طارق اسماعیل ساگر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ طارق اسماعیل ساگر نےمنفرد طرز صحافت اور ناول نگاری میں نام پیدا کیا۔ طارق اسماعیل مرحوم کی ادبی خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے، غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔