”اب آیا ہے عمران تو بکے گا سارا پاکستان “

”اب آیا ہے عمران تو بکے گا سارا پاکستان “
بلوچ ( پبلک نیوز ) مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر کو ہندوستان کی جھولی میں پھینکنے کی سازش جس کو ورلڈ کپ کا نام دیا گیا، وہ سازش بھی عمران خان نے امریکہ میں بیٹھ کر رچائی تھی ، ہمیں بتایا گیا تھا کہ مجھے ایسا لگ رہا ہے جیسے میں ورلڈ کپ جیت کر آیا ہوں بعد میں معلوم ہوا کہ وہ ورلڈ کپ کشمیر کو بھارت کی جھولی میں پھینکنے کا ورلڈ کپ تھا، اس کے بعد جھوٹ پہ جھوٹ بولا گیا ۔ آزاد کشمیر کے علاقے بلوچ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر نے کہا کہ پاکستان کے قومی راز جن کو اصل میں غلطیاں کہنا چاہئے وہ صرف پاکستانی قوم کو ہی معلوم نہیں باقی پوری دنیا کو معلوم ہوتے ہیں، آج جب میں صبح اٹھی تو میں نے خبر پڑھی کہ عید سے پہلے عوام پر پٹرول بم گرانے کی سازش ہو رہی میں نے پڑھا کہ ایک لیٹر پٹرول کو 11 روپے بڑھانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تیل کی قیمت بڑھتی ہے تو آٹے ، بجلی ، سبزی ، چینی ، ادویات کی قیمت بڑھتی ہے، ہر چیز کی قیمت بڑھتی ہے اور جو کچھ آپ اپنے گھروں میں استعمال کرتے ہو ان سب کی قیمتیں تیل کی قیمت کے ساتھ بڑھتی ہے، آپ سب کو فرق پڑتا ہے ، ہمیں فرق پڑتا ہے کیونکہ آپ اپنے بچوں کو محنت کی روزی کھلاتے ہو، اس سے ہم سب کو فرق پڑتا ہے، پاکستانی عوام کو فرق پڑتا ہے لیکن عمران خان کو فرق اس لئے نہیں پڑتا کہ وہ تو سائیکل پر آفس جاتا ہے، سائیکل میں پٹرول تو نہیں ڈلتا نہ۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ سکون صرف قبر میں ہے تو اب اسے کہنا چاہتے جن کے پاس گاڑی ہے وہ سائیکل خرید لیں کیونکہ پھر انہیں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے فرق نہیں پڑے گا،عمران خان نے سائیکل پر وزیر اعظم آفس جاتا ہے وہ وزیر اعظم آفس جس کو اس نے یونیورسٹی میں تبدیل کر دیا ہے، وہ وزیر اعظم آفس جہاں اس نے وائس چانسلر سے ایک کمرہ کرائے پر لیا ہوا ہے، سائیکل پر بیٹھ کر آئے گا، اس کرائے کے کمرے میں چلا جائے گا ، اس کو پٹرول کی قیمت سے کیا؟۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پٹرول کی قیمت بڑھنے سے اس کو فرق پڑتا ہے جس کو اپنے بچوں کو پڑھانا ہے ، گیس کے سلنڈر لینے ہیں، بجلی آتی نہیں لمبے لمبے بل بھی اس نے دینے ہیں، اس کے گھر میں مریض بھی ہیں، جانتے ہو شوگر کے مریضوں کیلئے انسولین اور بنیادی ادویات دسویں بار ان کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، اب یہ نعرہ ہونا چاہیے، اب آیا ہے عمران تو بکے گا سارا پاکستان۔

Watch Live Public News