دورہ انگلینڈ: ٹی 20 سیریز اور پاکستان ٹیم کی تیاریاں

دورہ انگلینڈ: ٹی 20 سیریز اور پاکستان ٹیم کی تیاریاں
پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 16 جولائی کو نوٹنگھم سے ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل 5 مرتبہ انگلینڈ میں ٹی ٹونٹی سیریز میں مدمقابل آچکی ہیں، جہاں 2 سیریز میں پاکستان اور 2 میں میزبان انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے۔ گزشتہ سال دونوں ممالک کے مابین تین میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی۔ مجموعی طور پر دونوں ٹیمیں 18 ٹی ٹونٹی میچز کھیل چکی ہیں، جہاں 12 میں انگلینڈ اور 5 میں پاکستان نے فتح حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے مابین ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی رینکنگ میں میزبان انگلینڈ 278 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور پاکستان 261 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ دونوں ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان آئی سی سی ٹی ٹونٹی پلیئرز رینکنگ میں سرفہرست بیٹسمین ہیں۔ پاکستان کے کپتان بابراعظم اس فہرست میں دوسرے نمبرپر موجود ہیں۔باؤلنگ میں انگلینڈ کے عادل رشید تیسرے جبکہ پاکستان کے شاہین آفریدی اور فہیم اشرف بالترتیب 17ویں اور 19ویں نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان اسکواڈ میں شامل نمایاں کھلاڑی محمد حفیظ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی کرکٹ میں رنز بنانے والے پاکستانی بلے بازوں میں سرفہرست ہیں۔ وہ انگلینڈ کے خلاف 12 ٹی ٹونٹی میچز میں 28.90کی اوسط سے 289 رنز بناچکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے 2 نصف سنچریاں بھی بنائیں۔ انگلینڈ کے خلاف ان کا بہترین اسکور 86رنز ناٹ آؤٹ ہے۔ وہ یکم جنوری 2020 سے اپنے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر کی بہترین فارم میں ہیں۔ اس دوران انہوں نے آخری 17 میچز میں 48 کی اوسط سے480 رنز بنائے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اب تک 54 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 47.32کی اوسط اور 129.70 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 2035 رنز بناچکے ہیں۔ اس دوران صرف انگلینڈ کے خلاف انہوں نے 4 ٹی ٹونٹی اننگز میں 52 سے زائد کی اوسط اور 136.52 کے اسٹرائیک ریٹ سے 157 رنز بنارکھے ہیں۔ عماد وسیم انگلینڈ کے خلاف 5 ٹی ٹونٹی میچز میں 6 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اس دوران ان کی بہترین باؤلنگ 17 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کرنا ہے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے گزشتہ پانچ ماہ کے اعداد و شمار حیرت انگیز ہیں۔ یکم جنوری 2021 سے اب تک انہوں نے10 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 106 کی اوسط اور 141.71 کے اسٹرائیک ریٹ سے 530 رنز بنائے، جس میں ایک سنچری اور 5 نصف سنچریاں شامل ہیں وہ رواں سال کے آغاز سے ا ب تک ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ 47 چوکے اور نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل (23)،ایوین لیوس(19) کے بعد سب سے زیادہ 18چھکے لگائے۔موجودہ ٹی ٹونٹی پلئرز رینکنگ کے سب سے بہترین بیٹسمین اور انگلینڈ کے تجربہ کار کرکٹر ڈیوڈ ملان نے اس دوران8میچز میں 21 چوکے اور 9 چھکے لگائےجبکہ ان کے ساتھی اوپنر جیسن رائے نے7 میچز میں 22 چوکے اور 7 چھکے جڑے۔ انجری کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آنے والے حسن علی کے لیے بھی 2021 میں سب سے خوش قسمت ترین فارمیٹ ٹی ٹونٹی کرکٹ رہا۔ جہاں انہوں نے 6 میچز میں 10.1کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 13 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 43 کی اوسط سے 43 رنز بنائے۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔