زپ لائن کی رسی ٹوٹنے پر 12 سالہ بچی گہری کھائی میں گرگئی، ویڈیو وائرل

زپ لائن کی رسی ٹوٹنے پر 12 سالہ بچی گہری کھائی میں گرگئی، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک: ہماچل پردیش کے مشہور سیاحتی مقام منالی میں زپ لائن کے ایک افسوسناک حادثے میں 12 سالہ بچی شدید زخمی ہو گئی، زپ لائن کی رسی اچانک ٹوٹ گئی اور بچی 30 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔

عینی شاہدین کے مطابق 12 سالہ بچی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ چھٹیاں گزارنے منالی آئی تھی، تفریح کے دوران جب وہ زپ لائن کی سیر کر رہی تھی تو ہارنس کی رسی اچانک ٹوٹ گئی جس کے باعث وہ نیچے چٹانوں پر جا گری۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح رسی ٹوٹنے کے بعد بچی زمین پر آگری۔

خاندانی ذرائع نے بتایا کہ بچی کے جسم کی کئی ہڈیاں ٹوٹ گئی ہیں اور اس کا اسپتال میں آپریشن بھی کیا گیا ہے، متاثر بچی کے والد  نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی بیٹی کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

دوسری جانب حادثے کے بعد زپ لائن کی سکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، مقامی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ غفلت کے ذمہ دار افراد کا تعین کیا جا سکے۔

Watch Live Public News