آپریشن کے دوران بے ہوش مریض کو چھوڑ کر نرس سے تعلق قائم کرنے والا ڈاکٹر رنگے ہاتھوں پکڑا گیا

آپریشن کے دوران بے ہوش مریض کو چھوڑ کر نرس سے تعلق قائم کرنے والا ڈاکٹر رنگے ہاتھوں پکڑا گیا
کیپشن: آپریشن کے دوران مریض کو چھوڑ کر نرس سے تعلق قائم کرنے والا ڈاکٹر

ویب ڈیسک:  پاکستانی نژاد برطانوی ڈاکٹر سہیل انجم پر الزام ہے کہ اُس نے آپریشن کے دوران مریض کو بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کر ایک نرس کے ساتھ جنسی تعلق قائم کیا۔ یہ انکشاف جنرل میڈیکل کونسل (جی ایم سی) کی جانب سے میڈیکل ٹریبونل میں کیا گیا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، یہ واقعہ ستمبر 2023 میں ٹیم سائیڈ ہسپتال، گریٹر مانچسٹر میں پیش آیا، جب ڈاکٹر انجم نے ’آرام کا وقفہ‘ لینے کا کہہ کر مریض کو دوسرے عملے کے حوالے کیا، اور خود قریبی آپریٹنگ روم میں نرس  کے ساتھ مشغول ہو گیا۔ ایک ساتھی نرس نے دونوں کو قابلِ اعتراض حالت میں دیکھ کر فوراً اپنے سپروائزر کو اطلاع دی۔

  ڈاکٹر سہیل، جو اُس وقت پاکستان میں مقیم تھا، نے بعد میں برطانیہ میں دوبارہ ملازمت کے لیے درخواست دی، جس پر جی ایم سی کی جانب سے تحقیقات ہوئیں۔ ٹریبونل میں ڈاکٹر نے الزامات کو تسلیم کرتے ہوئے اپنے رویے کو ’شرمناک‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ ایک ’غلط فیصلہ‘ تھا جس پر اُسے افسوس ہے۔

 انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ذاتی اور خاندانی دباؤ کے دوران پیش آیا، لیکن اس کے باوجود، انہوں نے مریض اور ادارے کا اعتماد توڑا۔ تاہم، جی ایم سی کے مطابق مریض کو اس واقعے سے کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر سہیل نے عدالت سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ دوبارہ ایسا عمل نہیں دہرائیں گے اور برطانیہ میں اپنی پریکٹس دوبارہ شروع کرنا چاہتے ہیں۔  سماعت جمعہ کو بھی جاری رہے گی۔

Watch Live Public News