کراچی : سابق وزیر اعظم عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی پیغام ہے، امپورٹڈ حکومت نا منظور، الیکشن کراؤ،سب سے کہتا ہوں الیکشن میں ان ضمیر فروش لوگوں کو سبق سکھانا ہے. چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے باغ جناح میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی والوں کا دل سے شکریہ ادا کرتاہوں،کراچی والوں سے بڑی خاص بات چیت کرنے آیاہوں،یہ میرا نہیں مسئلہ آپ کے بچوں کے مستقبل کاہے۔ عمران خان نے کہا کہ کراچی والو آپ کو بتاناچاہتاہوں کہ یہ سازش تھی یا مداخلت،بین الاقوامی سطح پر ملک کےخلا ف سازش ہوئی ہے،میں کسی بھی ملک کیخلاف نہیں ہوں،نہ یورپین اور نہ ہی کسی دوسرے ملک کیخلاف ہوں،صرف انسانیت کے ساتھ ہوں۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ دوستی سب سے چاہتاہوں غلامی کسی کی بھی قبول نہیں کروں گا،میری جان اتنی ضروری نہیں جتنی اس ملک کوآزادی ضروری ہے،ایک میر جعفر کو ہم پر مسلط کردیا گیا،میرجعفر کی غداری کی وجہ سے بنگال انگریزوں کے پاس چلاگیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 4ماہ پہلے پتہ چلا امریکی سفارتخانے کے لوگوں نے اپوزیشن سے ملنا شروع کیا،ہمارے جو لوگ لوٹے ہوئے ان سے بھی ملاقاتیں کی گئیں،امریکی آفیشل ڈونلڈ لو نے ہمارے سفیر سے ملاقات کی،امریکی آفیشل نے کہا اگر عمران خان کیخلاف عدم اعتما د کامیاب نہ ہوا تو پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہوگا،کہا گیا عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تو پاکستان کو معاف کردیا جائیگا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 22کروڑ لوگوں کو دھمکیاں دی گئیں،اچانک 22لوگوں کا ضمیر جاگ گیا ، اتحادیوں کا بھی ضمیر جاگ گیا۔انہوں نے کہا کہ میں نے کون سا جرم کیاتھا جو رات کے 12بجے عدالتیں کھول دی گئیں ،میں نے آج تک کوئی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی،عدم اعتماد کی تحریک جو کامیاب ہوئی اس کا پہلے پتہ چل گیا تھا،سوال کرتا ہوں کیا سپریم کورٹ کو اس مراسلے پر تحقیقات نہیں کرنی چاہیے تھی؟،جب سیاستدان بک رہے تھے کیا اس وقت عدلیہ کو سوموٹو ایکشن نہیں لینا چاہیے تھا۔ عمران خان نے کہا کہ چیری بلاسم جوتے پالش کرنے کا ایکسپرٹ ہے،چیری بلاسم، میر جعفر کو آتے ہی حکومت ملا کہ ڈو مور،صدر ٹرمپ نے جب پاکستان پر الزام لگایا تو فورا جواب دیا تھا اسے کہ آپ کی جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی،میں امریکیوں اور یورپیوں کو سب سیاستدانوں سے بہتر جانتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرویو میں پوچھا گیا کیا آپ انہیں اڈے دینگے تو میں نے کہا ایبسلوٹلی ناٹ،میں کبھی اپنے لوگوں کو کسی اور ملک کیلئے قربان نہیں کرسکتا،میں چیری بلاسم بوٹ پالش، میں میر جعفر نہیں ہوں۔ہماری 4حکومتیں تھیں کیا میں پیسہ چوری کرکے لوگ نہیں خرید سکتا تھا؟مجھے خوف خدا ہے میں نے اللہ کو جواب دینا ہے۔ سابق وزیر اعظم نے کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوف خدا ہے میں نے اللہ کو جواب دینا ہے،مجھ پر پہلے دن سے دباو ڈالا جارہا تھا کہ این آر او دو ورانہ حکومت گرادیں گے،اللہ تعالیٰ سے وعدہ کیا تھا کہ کبھی اپنی قوم سے غداری نہیں کروں گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف پر 40ارب روپے کے ایف آئی اے اور نیب میں کیسز ہیں،ضمانت پر موجود شخص کو وزیراعظم بنا دیا گیا،شہبازشریف اور حمزہ شہباز ضمانت پر ہیں اور انہیں ڈاکو بنا دیا گیا،چوروں کو ملک کا سربراہ اس لیے بنایا جاتا ہے کہ یہ آسانی سے استعمال ہوتے ہیں،شہبازشریف تمہیں غلامی کرنا پڑتی ہے یہ قوم غلام نہیں ہے۔ انہوں نے خطاب میں کہا کہ سارے چور واپس آگئے ہیں، سازش کا ماسٹر مائنڈ لندن سے واپس آنے کی تیاری کررہا ہے، سارا پاکستان دیکھ رہاہے کہ انصاف کا نظام ڈاکووں کیخلاف کھڑا ہوگا یا نہیں، اب سب کو اپنے مستقبل کیلئے نکلنا ہوگا، ظلم ، ناانصافی اور سازش قبول کرلی تو آپ کے بچے آپ کو معاف نہیں کرینگے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ روس سے کہا تھا گندم اور تیل چاہیے، روس ہمیں تیل اور گندم 30فیصد کم قیمت پر دے رہا تھا۔ جس ملک پر چوروں کو مسلط کردیا جائے وہ ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، اللہ کا حکم ہے چوروں اور ڈاکووں کیخلا ف جہاد کرو۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ یہ چاہتے ہیں کہ فارن فنڈنگ کیس کے ذریعے پی ٹی آئی کو میچ سے ہی باہر کردیں ، میں کہتاہوں پیپلزپارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی سب کے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کیاجائے۔ان کا کہنا تھا کہ مضبوط اداروں سے ہی مضبوط قوم بنتی ہے، ہمیں دیوار سے لگایا تو ملک کونہیں ان کو نقصان ہوگا، ہم نے پرامن رہنا ہے، یہ ہماری ہی پولیس ہے، ہماری ہی فوج ہے ، ہم نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیے ہیں، ہماری تحریک پرامن رہے گی۔ جلسے کے اختتام میںچیئرمین پاکستان تحریک اںصاف عمران خان نے کہا کہ ایک ہی پیغام ہے، امپورٹڈ حکومت نا منظور، الیکشن کراؤ،سب سے کہتا ہوں الیکشن میں ان ضمیر فروش لوگوں کو سبق سکھانا ہے.