پبلک نیوز: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نوازشریف پاکستان آنے چاہیں تو انہیں سفری دستاویز جاری کی جاسکتی ہے لیکن ان کا پاسپورٹ ری نیو نہیں ہوگا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف نے پاکستان نہ آنا ہو تو آج رات 12 بجے تک ویزےکی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہوگی، ان کے پاسپورٹ کی تجدید کی مدت آج رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے، انہیں پاکستان آنے سے نہیں روکا جارہا، ان کی درخواست پرپاکستان آنےکا سرٹیفکیٹ جاری کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ ہے نواز شریف پاکستان واپس آئیں جب کہ جس کا نام ای سی ایل میں ہو اسے پاسپورٹ جاری نہیں کیا جاسکتا، نواز شریف کو ایمرجنسی سفری دستاویز جاری کی جاسکتی ہے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے عدالتی رعایت کا غلط استعمال کیا، اگر وہ واپس آئیں تو 72 گھنٹے پہلے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا، مریم نواز بھی ای سی ایل پر ہیں، انہوں نے سرجری کی بات کی ہے، اگر وہ درخواست نہیں کرنا چاہتیں تو نہ کریں اچھی بات ہے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ نوازشریف کا پاسپورٹ ری نیو نہیں کرسکتا، انہیں واپسی کی سفری دستاویز جاری کرسکتا ہوں، بس اتنا اختیار ہے، وہ کیا سیاست دان ہے جو دھوکا دے کر ملک چھوڑ جاتا ہے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے ووٹ خریداری میں پی ایچ ڈی کیا ہوا ہے لیکن انہیں مایوسی ہوگی، اسمبلیوں پر لعنت بھیجنے والے اسمبلی سے ووٹ مانگ رہے ہیں، وہ لوگ جو سارے نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں یہ ان کی بہت بڑی شکست ہے، سینیٹ میں کوئی سرپرائز نہیں ہوگا، عمران خان سینیٹ الیکشن جیتیں گے۔