بنوں چھاؤنی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، 8 فوجی جوان شہید، 10 دہشتگرد ہلاک

بنوں چھاؤنی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، 8 فوجی جوان شہید، 10 دہشتگرد ہلاک
کیپشن: بنوں چھاؤنی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، 8 فوجی جوان شہید، 10 دہشتگرد ہلاک

ویب ڈیسک: بنوں چھاؤنی پر دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے 8 بہادر جوان شہید ہوگئے جبکہ سیکورٹی فورسز نے تمام 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 15 جولائی کی صبح 10دہشت گردوں کے گروپ نے بنوں چھاؤنی پر حملہ کیا تو سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی چھاؤنی میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرا دی تھی جس کے باعث خودکش دھماکے میں 8 بہادر جوان شہید ہوئے۔کلیئرنس آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور تمام 10 دہشت گرد مارے گئے۔ 

ترجمان پاک فوج کے مطابق خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا کچھ حصہ گرگیااور ملحقہ انفرا اسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار محمد شہزاد، حوالدار ظلِ حسین، حوالدار شہزاد احمد، سپاہی اشفاق حسین، سپاہی سبحان مجید، سپاہی امتیاز خان، سپاہی ارسلان اسلم اور ایف سی کے لانس نائیک سبز علی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کا تعلق ضلع پونچھ آزاد کشمیر، خوشاب، ضلع نیلم آزاد کشمیر، ضلع مظفر آباد آزاد کشمیر، ضلع کرک، ضلع بہاولپور اور لکی مروت سے ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کی یہ گھناؤنی کارروائی حافظ گل بہادر گروپ نے کی ہے جو افغانستان سے کام کرتا ہے، یہ گروپ ماضی میں بھی پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کرتا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ افغانستان کی عبوری حکومت ایسے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرے، افغانستان سے آنے والے ان خطرات کے خلاف مناسب سمجھے جانے والے تمام ضروری اقدامات کریں گے جب کہ مسلح افواج دہشتگردی کی اس لعنت کے خلاف مادر وطن اور اس کی عوام کا دفاع کرتی رہیں گی۔

 نائب صوبیدار محمد شہزاد شہید 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ  نائب صوبیدار محمد شہزاد شہید ضلع پونچھ کے رہائشی ہیں جن کی عمر 44 سال ہے،نائب صوبیدار محمد شہزاد شہید نے 25 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا،نائب صوبیدار محمد شہزاد شہید نے سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹی اور تین بیٹے چھوڑے  ہیں۔

حوالدار شہزاد احمد شہید 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ  ضلع نیلم سے تعلق رکھنے والے حوالدار شہزاد احمد شہید کی عمر 28 سال ہے،حوالدار شہزاد احمد شہید نے 8 سال تک پاک فوج میں خدمات سر انجام دیں،حوالدار شہزاد احمد شہید کے سوگواران میں اہلیہ اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

حوالدار ظل حسنین شہید 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ  شہید ہونے والے حوالدار ظل حسنین شہید کا تعلق ضلع خوشاب سے تھا،حوالدار ظل حسنین شہید کی عمر 39 سال ہے،حوالدار ظل حسنین شہید نے 18 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا،حوالدار ظل حسنین شہید نے سوگواران میں اہلیہ، دو بیٹے اور چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

لانس نائیک سبز علی خان شہید

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ  لانس نائیک سبز علی خان شہید کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے،لانس نائیک سبز علی خان شہید کی عمر34سال ہے،لانس نائیک سبز علی خان شہید نے 15 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سر انجام دیا،لانس نائیک سبز علی خان شہید کے سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔

سپاہی اشفاق حسین خان شہید 

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے سپاہی اشفاق حسین خان شہید کا تعلق ضلع مظفر آباد سے ہے،سپاہی اشفاق حسین خان شہید کی عمر 30 سال ہے جنہوں نے 6 سال پاک فوج میں گزارے ،سپاہی اشفاق حسین خان شہید کے سوگواران میں والدین، ایک بیٹی اور ایک بیٹا شامل ہے۔

 سپاہی ارسلان اسلم شہید 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ  سپاہی ارسلان اسلم شہید ضلع بہاولپور کے رہائشی ہیں جن کی عمر 26 سال ہے،سپاہی ارسلان اسلم شہید نے 2سال پاک فوج میں گزارے ،سپاہی ارسلان اسلم شہید کے سوگواران میں والدین شامل ہیں۔

سپاہی سبحان مجید بلوچ شہید

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ شہادت پانے والوں میں ضلع مظفر آباد کے رہائشی سپاہی سبحان مجید بلوچ شہید بھی شامل ہیں،سپاہی سبحان مجید بلوچ شہید کے سوگواران میں والدین اور اہلیہ شامل ہیں۔

سپاہی امتیاز خان شہید 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ  سپاہی امتیاز خان شہید کا تعلق ضلع کرک سے ہے،سپاہی امتیاز خان شہید نے سوگواران میں اہلیہ چھوڑی ہے۔

صدرِ مملکت آصف زرداری 

صدرِ مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے جوانوں نے بروقت کارروائی کر کے قوم کو بڑے نقصان سے بچا لیا۔انہوں نے بنوں کینٹ میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔

سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر صدرِ مملکت آصف زرداری نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں کی قربانی پر فخر ہے، دہشت گرد عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف

وزیر اعظم نےبنوں چھاؤنی پر ایک بڑا دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور بنوں چھاؤنی میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج اور فرنٹئیر کانسٹیبلری کے جوانوں نے کو خراج عقیدت  پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے،ہم حملے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر اور جری جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں،دہشت گردی کے عفریت کو مکمل ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔

پی پی پی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری

پی پی پی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نےبنوں چھاؤنی پر دہشتگرد حملہ کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کے غم میں برابر کا شریک ہوں،جان پر کھیل کر بنوں چھاونی حملہ ناکام بنانے والوں کا سلام پیش کرتا ہوں، تمام دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکورٹی اداروں کا شاباش پیش کرتا ہوں، سیکورٹی فورسز کی بہادری اور قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انتھک عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کی جانب سے مسلسل افغان سرزمین کا استعمال تشویشناک عمل ہے،افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں ایسے عناصر کے خلاف موثر کارروائی کرے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نےبنوں چھاؤنی پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد حملہ ناکام بنانے والے فوجی اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں،شہید فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے والے فوجی اہلکار ہمارا فخر ہیں،پوری قوم سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں،قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی 

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شہید سیکیورٹی فورسز کے لواحقین/خاندانوں سے اظہار تعزیت  کرتے ہوئے شہید بہادر سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے درجات بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

 فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ  دہشت گرد حملے کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز، پولیس کے مثالی بلند حوصلہ و عزم کو سلام پیش کرتے ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے   بنوں کینٹ میں دہشت گرد حملے کی مذمت اور فوجی جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنوں کینٹ حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں، آج 10 دہشت گردوں کا خاتمہ ہوا ہے اس ناسور جلد جڑ سے ختم کیا جائے گا،مجھے 8 جوانوں کی شہادت پر انتہائی افسوس ہوا ہے،شہداء ہمارے ہیروز ہیں اور ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، دہشتگرد کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے،وزیراعلیٰ سندھ نے شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا بھی کی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی حملےکی مذمت

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کے بنوں چھاؤنی پر بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانےپر شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے 8 جوانوں کو  خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے  بہادر جوانوں نے جان دے کر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ خاک میں ملایا اور 10 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں نے دہشتگردی کی  سازش کو ناکام بنایا،  دہشتگردوں  کے مذموم عزائم خاک میں ملانے پر سکیورٹی فورسز  کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہدا پوری قوم کا فخر ہیں اور ہم سب شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں،شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، دشمن  پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہا ہے۔ اتحاد و اتفاق  کی قوت سے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کےلئے دعا بھی کی۔

اسپیکر سردار ایاز صادق 

اسپیکر سردار ایاز صادق نے بنوں کینٹ پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بزدلانہ حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔اسپیکر نے دہشتگرد حملہ ناکام بناتے ہوئے  شہید ہونے والے آٹھ بہادر جوانوں کے جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شہدا قوم کا فخر ہیں،شہدا کی دفاع وطن کے لیے دی گئی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی  نے کہا کہ دکھ اور غم کی گھڑی میں شہداء کے اہلخانہ کے غم اور صدمے میں برابر کا شریک ہوں، دہشتگرد عناصر کو کبھی انکے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے،پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے،اسپیکر نےاللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان

صدر استحکام پاکستان پارٹی اوروفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بنوں کینٹ میں دوبارہ دہشت گرد حملے کو ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور موثر جوابی حملے نے دشمن کو نیست و نابود کر دیا،ایک روز قبل بھی پاک فوج کے بہادر سپوت بزدل دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی  نے کہا کہ 10جوانوں نے ارض وطن پر جان نچھاور کر کے شجاعت کی داستان رقم کی۔پوری قوم ان دلیروں کو داد شجاعت پیش کرتی ہے۔ ان کی شہادت سرمایہ حیات ہے۔ بنوں کی فضا شہداء کے احترام میں سوگوار ہے۔ اللہ ان کو جنت کا اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔اللہ تعالٰی شہدا کے خاندانوں کو ہمت اور حوصلہ عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت عطا کرے۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا 

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے بنوں چھاؤنی میں دہشتگردون سے مقابلہ کرتے شہید ہونے والے فوجی جوانون کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے جوانوں کی شہادت پر لواحقین کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔ ہمارے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ایک ایک کا حساب ہوگا۔ دہشتگردوں سے مقابلہ میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ملک و قوم کے خاطر فوجی جوانوں کی قربانیاں پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کریں گی۔ہمارے جوانوں نے بڑی دلیری سے مقابلہ کیا جس کے نتیجے میں دس دہشتگرد جہنم واصل ہوئے،خدا تعالیٰ سے دعا ہے شہیدوں کو جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔

عمر ایوب خان

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان نےبنوں کینٹ پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی،اپوزیشن لیڈر کا بزدلانہ حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ دہشتگرد حملہ ناکام بناتے ہوئے  شہید ہونے والے آٹھ بہادر جوانوں کے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔ 
عمر ایوب خان کا شہید ہونے والے نائب صوبیدار محمد شہزاد ، حوالدار شہزاد احمد سمیت تمام شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا، کہا کہ شہدا قوم کا فخر ہیں،  شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،شہدا کی دفاع وطن کے لیے دی گئی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،دکھ اور غم کی گھڑی میں شہداء کے اہلخانہ کے غم اور صدمے میں برابر کا شریک ہوں۔

Watch Live Public News