لاہور ( پبلک نیوز) کسی سیاسی پارٹی سے کوئی وابستگی نہیں ٗ مریم نواز شریف کی بیان بازی کا مقصد شریف خاندان کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمات کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر کی طرف سے قومی احتساب بیورو پر مسلسل تنقید کے بعد نیب نے اپنا موقف جاری کر دیا ہے۔ نیب لاہور کے ترجمان کی طرف سے جاری کئے جا نیوالے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز کے خلاف چوہدری شوگر ملز اور مبینہ منی لانڈرنگ کے مقدمات زیر تحقیقات ہیں ٗ مریم نواز کی جانب سے نیب، عدلیہ اور لا اینڈ آرڈر سے متعلق اداروں کے خلاف بغاوت سے لبریز بیان بازی کی جاتی رہی۔نیب لاہور کے ترجمان نے کہا کہ مریم نواز کا بنیادی مقصد کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمات کی تحقیقات میں رخنہ ڈالنا ہے ٗ مریم نواز کے بیانات نقص امن کی صورتحال کو تقویت دیتے رہے، مریم نواز نے اشتعال انگیز بیانات دیتے ہوئے لا اینڈ آرڈر کو چیلنج کیا ٗ مریم نواز نے نیب کی معزز عدلیہ میں دائر درخواست پر انتہائی غلط انداز میں تبصرہ کیا ٗاور حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی، مریم نواز کے بیانات مبینہ طور پر شدت پسندی کے منصوبے کے عکاس ہیں۔