خطے کی سرزمین، فضائی حدود اور تنصیبات ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہئیں، عباس عراقچی

 خطے کی سرزمین، فضائی حدود اور تنصیبات ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہئیں، عباس عراقچی
کیپشن:  خطے کی سرزمین، فضائی حدود اور تنصیبات ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہئیں، عباس عراقچی

ویب ڈیسک: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ خطے کے ممالک کی سرزمین، فضائی حدود اور تنصیبات ایک دوسرے کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہئیں۔ ایران کے دفاعی اقدامات صرف جارحیت کرنے والوں کے اہداف اور فوجی اڈوں کے خلاف ہیں، انہیں پڑوسی ممالک یا عوام کے خلاف کارروائی نہ سمجھا جائے۔

اسلام آباد میں ای سی او کے 30ویں وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے اجلاس کی میزبانی پر پاکستان اور وزارت خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایران کی علاقائی سالمیت کے خلاف جارحیت کی مذمت اور ایرانی عوام سے اظہار یکجہتی کرنے والے ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ای سی او کو اجتماعی اقدامات، مضبوط تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کا مؤثر پلیٹ فارم بنانا ہوگا۔ تجارت، ٹرانسپورٹ اور توانائی علاقائی تعاون کے تین اہم ستون ہونے چاہئیں، جبکہ رکن ممالک کو مؤثر تجارتی معاہدے کے لیے مذاکرات تیز کرنے چاہئیں۔

عباس عراقچی نے امریکی اقدامات کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے علاقائی سلامتی کے لیے عدم جارحیت اور باہمی مذاکرات پر مبنی مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے تحفظ کے لیے قابل اعتماد اور پائیدار نظام تشکیل دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے عباس عراقچی نے غزہ میں انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کے لیے اسرائیلی ناکہ بندی ختم کرائی جائے۔ انہوں نے اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی حالت زار پر بھی توجہ دینے پر زور دیا۔

 

Watch Live Public News