ویب ڈیسک: کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ سے یو سی چیئرمین و سیاسی جماعت کا عہدیدار جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گلشن ضیاء اورنگی میں فائرنگ سے سیاسی جماعت کا عہدیدار جاں بحق ہوگیا، جاں بحق شخص کی شناخت یو سی چیئرمین عامر بھٹو کے نام سے ہوئی,عامر بھٹو آفس میں موجود تھے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی، واقعہ کی جگہ سے پستول کی گولی کے 6 خول ملے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے لیا اور ایس ایس پی ویسٹ سے رپورٹ طلب کرلی, کراچی پولیس چیف نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور واقعے کی شفاف تحقیقات کےلیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
مئیر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے یوسی چئیرمین عامر بھٹو کے قتل پر اظہارِ افسوس کیا، اپنے بیان میں کہا کہ یوسی چئیرمین عامر بھٹو کو دہشتگردوں نے ان کے دفتر میں آکر قتل کیا،یوسی چئیرمین عامر بھٹو پیپلز پارٹی کے مخلص اور فعال کارکن تھے۔
ایک بار پھر شہر کا امن خراب کی سازش کی جارہی ہے،عامر بھٹو کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے، کسی صورت شہر میں دہشت گردی کی اجازت نہیں دی جاسکتی، شہر کے امن امان کے لیے عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں۔