ویب ڈیسک: ملک بھر میں رحمتوں اور برکتوں والی شب معراج انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ مساجد میں محافلِ ذکر و عبادت کا انعقاد کیا گیا، جہاں درود و سلام اور نعت خوانی کی محفلیں سجائیں گئیں اور نفل عبادات کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔
علمائے کرام نے شب معراج کی اہمیت اور واقعہ معراج کی فضیلت پر روشنی ڈالی اور امت مسلمہ کی فلاح، ملک کی ترقی، اور قوم کی سلامتی کے لیے دل سے دعائیں کیں۔
شب معراج وہ بابرکت رات ہے جب اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو معراج کا عظیم شرف عطا فرمایا اور پانچ فرض نمازوں کا تحفہ بخشا۔
اس رات نبی اکرم ﷺ نے مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ تک سفر کیا، جہاں تمام انبیائے کرام نے آپ ﷺ کی اقتداء میں نماز پڑھی۔ اس کے بعد، آپ ﷺ کو آسمانوں میں اللہ کی ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔
قرآن مجید کی سورۃ الاسراء کی ابتدائی آیات میں اس عظیم سفر کو بیان کیا گیا ہے، جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی کو جنت اور دوزخ دکھائیں، اور مختلف انبیائے کرام سے ملاقات کا شرف بھی دیا۔
اس سفر کے دوران امت محمدیہ ﷺ پر فرضیتِ نماز کا حکم بھی دیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ شب معراج کو خصوصی عبادات، نفل نمازیں اور دعاؤں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔