ویب ڈیسک: آئی ایس پی آر نے بھارتی آرمی چیف کے اشتعال انگیز بیان پر ردعمل میں کہا کہ خودمختار ایٹمی ہمسائے کو جغرافیے سے مٹانے کی دھمکی ذہنی دیوالیہ پن اور جنگی جنون ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو تاریخ اور جغرافیہ سے مٹانے کی دھمکی ناقابل قبول ہے۔ پاکستان عالمی سطح پر اہم ملک، ایٹمی طاقت اور جنوبی ایشیا کی تاریخ و جغرافیے کا ناقابلِ تردید حصہ ہے۔ ہندوتوا سوچ خطے کو بارہا جنگوں اور بحرانوں کی طرف دھکیل چکی ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کے نتائج محدود نہیں رہیں گے۔ بھارت کو پاکستان کے ساتھ پرامن بقائے باہمی سیکھنا ہوگی۔ بھارت خطے میں دہشتگردی، عدم استحکام اور عالمی سطح پر ڈس انفارمیشن کا بڑا مرکز رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ معرکہ حق میں ناکامی کے بعد بھارتی قیادت کی مایوسی کھل کر سامنے آ گئی، جنوبی ایشیا کو نئی جنگ کی طرف دھکیلنے کی کوشش پورے خطے کیلئے تباہ کن ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف نے انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستان کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ جغرافیہ اور تاریخ کا حصہ بننا چاہتا ہے۔