حکومت کسانوں کیلئے اگلے ہفتے پیکج کا اعلان کرے گی، مراد علی شاہ

حکومت کسانوں کیلئے اگلے ہفتے پیکج کا اعلان کرے گی، مراد علی شاہ
کیپشن: حکومت کسانوں کیلئے اگلے ہفتے پیکج کا اعلان کرے گی، مراد علی شاہ

ویب ڈیسک: حالیہ سیلاب نے ملک بھر میں لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ کر دی ہیں جس کے بعد حکومت نے اُن کو بڑا ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کسانوں کے لیے اگلے ہفتے پیکج کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے زرعی ٹیکس پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پریشان کسانوں کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا۔ ایف بی آر کی وصولیاں متاثر ہیں لیکن ہم ہدف حاصل کریں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وزیراعظم نے بلاول بھٹو کے کہنے پر ایکشن لیا اور ملک میں زرعی ایمرجنسی لگائی۔ تاہم اگر لگائی گئی زرعی ایمرجنسی کو مکمل طور پر نافذ نہ کیا گیا تو بڑا بحران پیدا ہو سکتا ہے۔

مراد علی شاہ نے گندم کے بحران کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری گندم کی پیداوار میں 20 فیصد کمی ہوئی ہے۔ دسمبر جنوری کے بعد گندم کی قلت ہو سکتی ہے۔ خریداری کے بجائے ہم نے کسان کو اس کی فصل کی اچھی قیمت دی۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ایک ماہ قبل اس سے نمٹنے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی تھی اور سندھ حکومت نے اقدامات کرنا شروع کردیے تھے۔ سیلاب گڈو بیراج سے گزرا ہے جبکہ سکھر پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ اب سیلابی پانی ڈاون اسٹریم کوٹری میں جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح عوام کی جان بچانا ہے۔ تمام اضلاع میں اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے اور متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔

Watch Live Public News